شمائل محمد صلی اللہ علیہ وسلم

فہرست مضامین

پیش لفظ

انسانی زندگی بے شمارمسائل میں گھری ہوئی ہے۔ دُنیا کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں ہر قوم اور ہر علاقے کے لوگ اپنے مسائل اور پریشانیوں کے حل کے لئے کسی نہ کسی راہبر کی تلاش میں ہیں ۔ دُنیا میں بڑے بڑے ہیرو پیدا ہوئے لیکن کسی کی زندگی بھی اس کی قوم کو مکمل راہنمائی فراہم نہ کرسکی کیونکہ ان کے نظریات افراط و تفریط کا شکار تھے اور ویسے بھی محدودزمانہ تک ہی فائدہ دے سکتے تھے۔

خالق کائنات نے انسانی ضرورتوں کے پیش نظر آج سے چودہ سو سال قبل بنی نوع انسان کو قرآن کریم کی شکل میں ایک مکمل آئین عطا فرمایا جو انسانی ضرورت کے کسی بھی پہلو کو نظرانداز نہیں کرتا اور جس عظیم ہستی پر یہ کتاب نازل فرمائی اسے بنی نوع انسان کے لئے اسوہ حسنہ قراردیا کیونکہ آپؐ کی پوری زندگی دراصل قرآن کریم کی عملی تفسیر تھی۔

آنحضور ﷺ کی زندگی کا ہر پہلو بنی نوع انسان کی بھلائی کا کوئی نہ کوئی پہلو ضرور اپنے اندر رکھتا ہے۔

سیرت النبیؐ کے موضوع پربہت بڑی بڑی کتابیں لکھی گئی ہیں جن کا مطالعہ یقینا فائدہ مند ہے لیکن خیال کیا گیا کہ اس موضوع پر ایک بہت مختصر کتاب لکھی جائے جو ہر خادم اور طفل آسانی سے پڑھ سکے اور اپنی زندگی کو آنحضور ﷺ کی سیرت کی روشنی میں ڈھال سکے۔

خاکسار اس سلسلے میں مکرم عبدالسمیع خان صاحب کا شکر گزار ہے کہ انہوں نے نہایت محنت اور لگن سے آنحضور ﷺ کی سیرت کے چمن سے کچھ منتخب پھول خدام و اطفال کے لئے چنے اور انہیں اس کتاب کی زینت بنایا۔فجزاہ اللہ احسن الجزاء

یہ کتاب جہاں ہمارے نوجوانوں اور بچوں کے لئے مفید ہے وہاں دیگر افراد جماعت بھی اس کے مطالعہ سے یقینا لطف اٹھا سکیں گے اور مستفید ہونگے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو آنحضور ﷺ کی سیرت و نصائح کے مطابق اپنی زندگیاں سنوارنے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین