In the Name of Allah, The Most Gracious, Ever Merciful.

Love for All, Hatred for None.

Al Islam Home Page > Urdu Home Page > Al Islam Urdu Library
اردو » الاسلام اردو لائبریری » خطبات » حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ » 2009ء »

آل رسولؐ ، اصحاب رسولؐ اور آنحضرتؐ کے سب پیاروں سے بے مثال محبت کا اظہار کریں

نماز جمعہ کی اہمیت ، دعاؤں کی قبولیت ، درود شریف کی برکات ، اسی طرح آل رسولؐ اور اصحاب رسولؐ کے عظیم مقام و مرتبہ کا بیان۔ان دنوں میں کثرت سے درود شریف پڑھیں اور دعاؤں پر زور دیں۔ سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ2 جنوری 2009ء بمقام بیت الفتوح مورڈن لندن کاخلاصہ

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 2جنوری 2009ء کو بیت الفتوح مورڈن لندن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔ حضور انور کا یہ خطبہ جمعہ متعدد زبانوں میں تراجم کے ساتھ ایم ٹی اے انٹرنیشنل پر براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔

حضور انور نے فرمایا کہ آجکل ہم محرم کے مہینے سے گزر رہے ہیں۔ یہ قمری اور شمسی سال نو کا آج پہلا جمعہ ہے۔ دونوں نظاموں کے کیلنڈرز یا پہلے جمعہ کا جمع ہونا اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کے لئے بیشمار برکتوں کا موجب بنائے۔ جمعہ کے دن کو حضرت مسیح موعود کے زمانے سے خاص نسبت ہے کہ اس زمانے میں دنیاداری کی وجہ سے لوگوں میں جمعہ کی اہمیت کا احساس نہیں رہا یا نہیں رہنا تھا تو اللہ تعالیٰ نے خاص طور پر اپنی عبادت اور خاص طور پر جمعہ کی نماز کے حوالے سے سورۃ جمعہ میں مومنوں کو توجہ دلائی ۔

حضور انور نے فرمایا کہ یہ جمعہ ہمیں دعاؤں کی طرف توجہ دلانے والا ہونا چاہئے اور اگر ہم اپنی توجہ دعاؤں پر رکھیں گے، اپنے اعمال اللہ اور رسولؐ کے حکموں کے مطابق بجالانے کی کوشش کریں گے تو دینی اور دنیاوی ترقیات حضرت مسیح موعودکی خلافت کے ساتھ جڑی رہنے والی جماعت کے ذریعہ دنیا کو نئی شان سے نظر آئیں گی۔ آج جبکہ دنیا لہوو لعب میں ڈوبی ہوئی ہے ایک احمدی کو اور ہر ملک کی ہر جماعت کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے قرآن کریم کی تعلیم کو اپنے اندر لاگو کرنے اور اپنے ماحول میں بھی بھٹکی ہوئی انسانیت کو اس تعلیم سے روشناس کروانے کیلئے پہلے سے بڑھ کر کوشش کرنی چاہئے۔

حضور انور نے فرمایا کہ آج محرم اور نئے سال کے پہلے جمعہ کے حوالہ سے جماعت احمدیہ عالمگیر کے ہر فرد سے میری یہ درخواست ہے کہ اپنے اندر ایک نئے جوش اور ولولے اور ایک نئی روح کے ساتھ ایسی پاک تبدیلی پیدا کر یں اور اپنے اعمال میں وہ خوبصورتی پیدا کریں کہ عرش کے خدا کو بے اختیار آپ پر پیار آ جائے۔ اپنی دعاؤں میں وہ ارتعاش پیدا کریں جس سے زمین و آسمان کا قادر و توانا اور مجیب الدعوات خدا ہماری دعاؤں کو قبول فرماتے ہوئے دین حق کے تمام دنیا میں غالب آنے اور ایک انقلاب عظیم پیدا کرنے کا نظارہ ہمیں اپنی زندگی میں دکھادے۔

حضور انور نے فرمایا کہ دعاؤں کی قبولیت اور محرم کے حوالے سے اس مہینے میں درود شریف پر بہت زور دیں کہ قبولیت دعا کیلئے یہ نسخہ آنحضرت ؐ نے ہمیں بتایا ہے۔ حضرت مسیح موعود نے اپنے عملی نمونے سے درود شریف پڑھنے کی برکات ہمارے سامنے پیش فرما کر ہمیں اس طرف خاص طور پر توجہ دلائی ہے۔ حضور انور نے احادیث میں درود شریف پڑھنے کی اہمیت اور برکات کے بارے میں بعض روایات پیش کیں اور فرمایا کہ ہمارا کام ہے کہ خالص ہو کر درود شریف کے مفہوم کو سمجھتے ہوئے عمدگی کے ساتھ آنحضرت ؐ پر درود بھیجیں ۔ اگر درود شریف کی اہمیت کو ہر فرد سمجھ لے تو آپس کی لڑائیاں ،رنجشیں اور فساد خود بخود ختم ہو جائیں ۔

حضور انور نے فرمایا کہ درود شریف میں جب ہم آل رسول ؐ پر درود بھیجتے ہیں تو ان روحانی اور جسمانی رشتوں کا بھی خیال آتا ہے جو آنحضرتﷺ سے تعلق رکھنے والے ہیں ۔ اسی طرح آنحضرت ﷺ کے صحابہ ؓ ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے آنحضرت ؐ کے جسم مبارک کو نقصان سے بچانے کے لئے اپنے سینے آگے کر دئیے۔ غار والاواقعہ قرآن کریم میں درج کر کے حضرت ابوبکرؓ کو آنحضرت ﷺکا بہترین ساتھی قرار دے دیا۔ پس محبوب سے حقیقی محبت یہ ہے کہ اس کے پیاروں سے بھی محبت ہو۔ آنحضرت ﷺ کی آل اور اصحاب اورتمام ان لوگوں سے جن سے ہمارے محبوب آقا نے محبت کی۔ ایسی محبت کا اظہار کریں جو بے مثال ہو۔

حضور انور نے امام حسین ؓکی محبت پر مشتمل حضرت مسیح موعودکے ارشادات پڑھ کر سنائے اور فرمایا کہ حضرت ابوبکرؓ ، حضرت عمرؓ اور حضرت عثمانؓ کا مقام بھی ہمارے دلوں میں قائم ہے۔ صحابہ ؓ کا مقام بیان کرتے ہوئے خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ تعالیٰ سے راضی ہو گئے۔ پس ہمارے لئے تو آنحضرت ؐ کے سب پیارے ہی بہت پیارے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ایمان والوں کو ہر قسم کے تفرقہ کو ختم کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ا للہ کرے یہ نیا سال جماعت احمدیہ کے لئے ہزاروں رحمتوں اور برکتوں کا سال بن کر چڑھے اللہ تعالیٰ ہر احمدی کو یہ سال ہر لحاظ سے مبارک کرے۔ آمین