سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 30جنوری 2009ء کو بیت الفتوح مورڈن لندن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایاجو کہ متعدد زبانوں میں تراجم کے ساتھ ایم ٹی اے انٹرنیشنل پر براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔
حضور انور نے گزشتہ خطبات کے تسلسل میں اللہ تعالیٰ کی صفت کافی کی مزید تشریح بیان کرتے ہوئے سورۃ الحاقہ کی آیات 45تا48کی روشنی میں فرمایا کہ خدا تعالیٰ کی نسبت جھوٹا افتراء کرنے والے کے بارے میں خدا تعالیٰ کا قول ہے کہ اللہ تعالیٰ جھوٹے کی رگ جان کاٹ ڈالے گا۔ اسے ذلیل و رسوا کرے گا اور اسے ہر گز کامیاب نہیں ہونے دے گا۔
حضور انور نے فرمایاکہ حضرت مسیح موعودایک جگہ پر بڑی شان سے اللہ تعالیٰ کی تائیدات اور مخالفین کے حملوں کے مقابلے پر خدا تعالیٰ کا اپنے لئے کافی ہونے کے بارے میں ذکرکرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ میرے لئے پانچ مواقع ایسے پیش آئے تھے جن میں عزت اور جان نہایت خطرے میں پڑ گئی تھی ۔ اول وہ موقع جبکہ میرے پر ڈاکٹر مارٹن کلارک نے خو ن کا مقدمہ کیا تھا ، دوسرا وہ موقع جبکہ پولیس نے ایک فوجداری مقدمہ مسٹر ڈوئی صاحب ڈپٹی کمشنر گورداسپور کی کچہری میں میرے پر چلایاتھا، تیسرا وہ فوجدار ی مقدمہ جو ایک شخص کرم دین نے بمقام جہلم میرے پر کیا تھا ، چوتھا وہ فوجداری مقدمہ جو اسی کرم دین نے گورداسپور میں میرے پر کیا تھا اور پانچواں جب لیکھرام کے مارے جانے کے وقت میرے گھر کی تلاشی لی گئی اور مخالفین نے ناخنوں تک زور لگایا تھا تا میں قاتل قرار دیا جاؤں مگر تمام مقدمات نامراد رہے اور خدا تعالیٰ نے میری ہر لحاظ سے تائید ونصرت فرماتے ہوئے ان تمام قسم کے مقدمات میں کامیابی کے ساتھ مجھے بری کیا۔
حضوانور نے فرمایا حضرت مسیح موعود فرماتے ہیں کہ درحقیقت وہ خدا بڑا زبردست اور قوی ہے جس کی طرف محبت اور وفا کے ساتھ جھکنے والے ہرگز ضائع نہیں کئے جاتے۔حضور انور نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی کفایت پر حضرت مسیح موعود کو اس قدر یقین تھا کہ کبھی بھی آپ کو اس قسم کا خیال تک نہ آیا تھا کہ خدا تعالیٰ فلاں معاملے میں میری مدد نہیں کر ے گا ، ہاں اس کے لئے دعا ضروری ہے اور دعا کی طرف آپ کی توجہ ہوتی تھی۔
حضور انور نے فرمایا کہ حضرت مسیح موعود کی وفات کے بعد بھی اللہ تعالیٰ نے آپ کی جماعت کی مدد فرمائی اور ہمیشہ جماعت کو محفوظ رکھا اور یہ سلسلہ دنیا کے ہر ملک میں ترقی کرتا چلا جارہا ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ کی جماعت پھیل رہی ہے۔ باوجود کمی وسائل کے خدا تعالیٰ کا ہاتھ ہے جو ہمارے ساتھ ہے اور ہر کام اور ہر کوشش میں وہی ہمار ی ہمیشہ کفایت کرتا ہے۔ یہ وہ زمین و آسمان کا مالک خدا ہے جو جب اپنے بندوں کو اپنے دین کی اشاعت کے لئے دنیا میں بھیجتا ہے تو انہیں ہر قسم کی تسلی دلاتا ہے کہ اگر کہیں بھی مشکل آئے گی تو میں تمہاری مشکلات کو دور کرنے والا ہوں اور میں تمہارے لئے کافی ہوں۔حضور انور نے بہائیت سے متعلق چند باتوں کا تذکرہ کیا اور پھر فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی موحد بننے اور اپنے بھیجے ہوئے فرستادہ کی کامل اطاعت اور فرمانبرداری کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی رحمت او رفضل کی چادر میں ہمیشہ لپیٹے رکھے اور اپنا قرب حاصل کرنے والا بناتا چلا جائے۔ آمین