دینی معلومات

حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم

سوال: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کب اور کہاں پیدا ہوئے؟

جواب: 9 ربیع الاوّل بمطابق 20 اپریل 571ء کو بروزپیر جزیرہ نما عرب کے شہر مکہ میں پیدا ہوئے۔ (بحوالہ سیرت خاتم النبیینؐ صفحہ 93)

سوال: آپؐ کی کنیت اور لقب کیا تھا؟

جواب: آپ ؐ کا اسم محمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) کنیت ابوالقاسم اور لقب امین و صدوق تھا۔ (صدوق کے معنی بہت زیادہ سچ بولنے والا)

سوال: آپؐ کے دادا، والد ماجداور والدہ ماجدہ کے نام کیا ہیں؟

جواب: دادا کا نام حضرت عبدالمطلب، والد کا نام حضرت عبداللہ اور والدہ ماجدہ کا نام حضرت آمنہ بنت وہب ہے۔

سوال: آپ ؐ کے والد محترم اور والدہ ماجدہ نے کب وفات پائی؟

جواب: آپؐ کے والد حضرت عبداللہ تو آپؐ کی پیدائش سے چند ماہ پہلے وفات پاگئے اور والدہ ماجدہ کا وصال اس وقت ہوا جب آپؐ کی عمر چھ برس تھی۔

سوال: آپؐ کی مُرْضِعَہ (یعنی دودھ پلانے والی خاتون) کا نام کیا تھا؟

جواب: حضرت حلیمہ سعدیہؓ

سوال: حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی پہلی شادی کس عمر میں اور کس کے ساتھ ہوئی؟

جواب: 25 سال کی عمر میں حضرت خدیجہؓ سے۔ جب کہ حضرت خدیجہؓ کی عمر 40سال تھی۔

سوال: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات کے نام بتائیں؟

جواب:

  1.  حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ بنت خویلد
  2.  حضرت سودہؓ بنت زمعہ
  3.  حضرت عائشہ صدیقہؓ بنت حضرت ابوبکرؓ
  4.  حضرت حفصہؓ بنت حضرت عمرؓ
  5.  حضرت زینبؓ بنت خزیمہ
  6.  حضرت ام سلمہؓ ہند بنت ابی اُمیّہ
  7.  حضرت زینبؓ بنت جحش
  8.  حضرت جویریہؓ بنت حارث
  9.  حضرت صفیہؓ بنت حُیَي بن اخطب
  10.  حضرت ام حبیبہؓ بنت ابوسفیان
  11.  ام ابراہیم حضرت ماریہ قبطیہؓ
  12.  حضرت میمونہؓ بنت حارث

نوٹ: چارسے زیادہ بیویوں کی استثناء صرف آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہی کیلئے تھی جس کا ذکر سورۃ الاحزاب آیت 51 میں کیا گیا ہے۔

سوال: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادیوں کے نام بتائیں؟

جواب:

  1. حضرت زینبؓ زوجہ حضرت ابوالعاصؓ بن ربیع۔
  2.  حضرت رقیہؓ
  3.  حضرت ام کلثومؓ

ان کے نکاح ابولہب کے دوبیٹوں عتبہ اور عُتیبہ سے ہوئے مگر رخصتانہ سے پیشتر ہی نکاح فسنح ہوگئے۔ بعد ازاں حضرت رقیہؓ اور حضرت ام کلثومؓ یکے بعد دیگرے حضرت عثمانؓ بن عفان کے نکاح میں آئیں۔

4۔ حضرت فاطمۃ الزہراؓ زوجہ حضرت علیؓ بن ابی طالب

سوال: آپؐ کے صاحبزادوں کے نام کیا ہیں؟

جواب:

  1.  حضرت قاسمؓ
  2.  حضرت طاہرؓ
  3.  حضرت طیبؓ ان کا دوسرا نام عبداللہؓ تھا
  4.  حضرت ابراہیمؓ

(ایک روایت میں آپؐ کے گیارہ بیٹوں کا ذکر آتا ہے)۔ (سیرت خاتم النبیین جلد 1 صفحہ 139)

سوال: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے کتنی عمر میں نبوت کا دعوٰی کیا؟

جواب: چالیس برس کی عمر میں۔

سوال: آپؐ پر پہلی وحی کہاں نازل ہوئی؟ اس کی کیفیت بیان کریں۔

جواب: آپؐ پر سب سے پہلی وحی غار حرا میں نازل ہوئی۔ حضرت جبریلؑ نے آپؐ سے مخاطب ہو کر کہا۔ اِقْرَأْ یعنی پڑھ۔ آپؐ نے فرمایا مَا اَنَا بِقَارِیٍٔ کہ میں پڑھ نہیں سکتا۔ فرشتے نے آپ کو سینہ سے لگا کر بھینچا اور کہا اِقْرَأْ مگر آپؐ کا جواب وہی تھا۔ پھر اس نے دوسری دفعہ اپنے عمل کو دُہرایا اور کہا اِقْرَأْ مگرآپؐ نے پہلے والا جواب ہی دیا۔ اس انکار کی ایک وجہ تو یہ تھی کہ آپ پڑھنا نہ جانتے تھے۔ دوسرے آپؐ کے دل میں خوف پیدا ہوا کہ اتنی عظیم ذمہ داری کیسے نباہ سکوں گا۔ آخر تیسری مرتبہ فرشتے نے آپؐ کو سینہ سے لگا کر نہایت زور سے بھینچا اور کہا اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّکَ الََّذِیْ خَلَقَ۔ اس بار آپؐ اپنے رب کا نام سن کر اس پیغام کے پہنچانے پر کمر بستہ ہوگئے۔

سوال: آپؐ کی پہلی وحی پر حضرت خدیجہؓ کا کیا رد عمل تھا؟

جواب: جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم غارِ حرا سے لوٹے تو آپؐ نے گھبراہٹ کے عالم میں حضرت خدیجہؓ کو سارا واقعہ سنایا اور فرمایا کہ مجھے تو اپنے نفس کے متعلق ڈر پیدا ہوگیا ہے مگر حضرت خدیجہؓ نے آپؐ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا:

کَلاَّ وَاللہ مَا یُخْزِیْکَ اللہ اَبَداً اِ نَّکَ لَتَصِلُ الرَّ حِمَ وَ تَحْمِلُ الْکَلَّ وَتَکْسِبُ الْمَعْدُوْمَ وَتَقْرِی الضَّیْفَ وَتُعِیْنُ عَلٰی نَوَائِبِ الْحَقِّ۔ (صحیح بخاری باب بدء الوحی)

ترجمہ: نہیں نہیں ایسا ہرگز نہیں ہوسکتا۔ خدا کی قسم! اللہ آپ کو کبھی رسوا نہیں کرے گا۔ آپ صلہ رحمی کرتے ہیں اور لوگوں کے بوجھ بٹاتے ہیں اور معدوم اخلاق اپنے اندر جمع کئے ہوئے ہیں آپ مہمان نوازی کرتے ہیں اور تمام حوادث میں حق و صداقت کا ساتھ دیتے ہیں۔

سوال: مردوں، عورتوں، بچوں، غلاموں، بادشاہوں، عیسائیوں، ایرانیوں اور رومیوں میں سے سب سے پہلے کون کون آپ پر ایمان لائے؟

جواب: مردوں میں سے حضرت ابوبکرؓ، عورتوں میں سے حضرت خدیجۃ الکبٰر، بچوں میں سے حضرت علیؓ، غلاموں میں سے حضرت زیدؓ بن حارثہ، بادشاہوں میں سے اصمحہ نجاشیؓ شاہ حبشہ، ایرانیوں میں سے حضرت سلمان فارسیؓ، رومیوں میں سے حضرت صہیبؓ رومی سب سے پہلے مسلمان ہوئے۔

سوال: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے جن بادشاہوں کے نام تبلیغی خطوط لکھے ان میں سے بعض کے نام بتائیں۔

جواب:

  1.  ہر قل قیصر روم
  2.  خسروپرویز کِسریٰ ایران
  3.  اصمحہ نجاشیؓ شاہ حبشہ
  4.  مقوقس شاہ مصر
  5.  حارث بن ابی شمر رئیس غسان
  6.  ہوذہ بن علی رئیس یمامہ
  7.  منذر تیمی رئیس بحرین

سوال: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی شعر بتائیں۔

جواب:

اَنَا النََّبِیُّ لَا کَذِبْ

اَناَ ابْنُ عَبْدِ الْمُطَّلِبْ

ترجمہ: میں جھوٹا نبی نہیں ہوں۔ میں عبدالمطلب کابیٹا ہوں۔

سوال: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال کب اور کس عمر میں ہوا؟ آپ کا روضۂ مبارک کہاں ہے؟

جواب: آپؐ 26 مئی 632ء بمطابق یکم ربیع الاول 11 ہجری کو 63 سال کی عمر میں رفیقِ اعلیٰ سے جاملے۔ آپؐ مدینہ منورہ میں حضرت عائشہؓ کے حجرۂ مبارک میں مدفون ہیں۔ (اخبار”جنگ” کراچی 28 ستمبر1958ء صفحہ 7۔ عیدمیلادایڈیشن۔ بحوالہ تاریخ احمدیت جلددوم صفحہ553-552)

سوال: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے نبوت کے دعوٰی کے بعد کتنی عمر پائی؟

جواب: قریباً 23سال

سوال: حضرت حسانؓ بن ثابت کا وہ مشہور شعر بتائیں جو انہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال پر کہا تھا۔

جواب:

کُنْتَ السَوَادَ لِنَاظِرِیْ

فَعَمِیْ عَلَیَّ النَّاظِرٗ

مَنْ شَآئَ بَعْدَکَ فَلْیَمُتْ

فَعَلَیْکَ کُنْتُ اُحَاذِرٗ

ترجمہ: کہ اے میرے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم آپؐ تو میری آنکھ کی پتلی تھے۔ پس آپؐ کی وفات سے میری آنکھ اندھی ہوگئی۔ آپؐ کے بعد جو چاہے مرے مجھے تو آپؐ کی موت کا ہی ڈر تھا۔