دینی معلومات

صحابہؓ اور بزرگانِ اسلام

سوال: شیخین سے کون مراد ہیں؟ ان کا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے کیارشتہ تھا؟

جواب: حضرت ابوبکرؓ اورحضرت عمرؓ کو شیخین کہتے ہیں۔ دونوں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے خسر تھے اور حضورؐ کی وفات کے بعد آپؐ کے خلیفہ بھی ہوئے۔

سوال: حضرت ابوبکرؓ کا اسم گرامی کیا تھا؟

جواب: حضرت عبداللہ بن ابی قحافہؓ

سوال: عشرہ مبشرہ کون تھے؟

جواب: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دس جاں نثار صحابہؓ جن کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی زندگی میں ہی جنت کی بشارت دے دی تھی ان کے اسما ء یہ ہیں :۔

  1.  حضرت ابوبکر صدیقؓ
  2.  حضرت عمرؓ بن خطاب
  3.  حضرت عثمانؓ بن عفان
  4.  حضرت علیؓ بن ابی طالب
  5.  حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف
  6.  حضرت ابو عبیدہؓ بن الجراح
  7.  حضرت سعیدؓ بن زید
  8.  حضرت طلحہؓ بن عبید اللہ
  9.  حضرت زبیرؓ بن العوام
  10.  حضرت سعدؓ بن ابی وقاص

سوال: ذ والنورین (دو نوروں کے جامع ) سے مراد کون ہیں اور کیوں؟

جواب: حضرت عثمان غنیؓ کیو نکہ آپ کے عقد میں یکے بعد دیگرے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی دو صاحبزادیاں آئیں۔

سوال: کسی آزاد کردہ غلام کا نام بتائیں جسے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اسلامی فوج کا سپہ سالار مقرر فرمایا ہو۔

جواب: حضرت زید بن حارثہؓ

سوال: دربار نبوی ؐ کے مشہور شاعر کا نام لکھیں اور ان کا ایک شعر درج کریں۔

جواب: حضرت حسان بن ثابتؓ۔ آپ کا محبت بھرا شعر ہے:۔

فَاِنَّ اَبِیْ وَ وَالِدَہٗ وَ عِرْضِیْ

لِعِرْضِ مُحَمَّدٍ مِّنْکُمْ وِقَائٗ

ترجمہ : اے دشمنان رسول !یقینا میرا باپ اور اس کا والد اور میری عزت وآبرو، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت وآبرو کے لئے تمہارے سامنے ڈھال ہے۔

سوال: حضرت عائشہؓ نے خاتم النبیین کا کیا مفہوم بیان فرمایا ہے؟

جواب: قُوْلُوْا اِنَّہٗ خَاتَمُ الْاَنْبِیَآئِ وَلَا تَقُوْلُوْا لَا نَبِیَّ بَعْدَہٗ (درمنثور جلد 5 صفحہ 204 مطبوعہ دار المعرفہ بیروت لبنان )

ترجمہ: تم یہ تو کہو کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم خاتم الانبیاء ہیں لیکن یہ نہ کہو کہ آپ کے بعد کوئی نبی نہیں۔

سوال: حضرت عمرؓ اور حضرت علیؓ کس کے ہاتھوں شہیدہوئے اور کب؟

جواب: حضرت عمرؓ نے ایک ایرانی غلام ابولؤلؤ فیروز کے ہاتھوں یکم محرم 23ھ کو اور حضرت علیؓ نے 21 رمضان المبارک 40ھ کو عبدالرحمن بن ملجم خارجی کے ہاتھوں جام شہادت نوش فرمایا۔

سوال: حضرت عثمانؓ کا واقعۂ شہادت مختصراً بیان کریں۔

جواب: عبداللہ بن سبا کے ساتھیوں نے مدینہ کا محاصرہ کرلیا اور حضرت عثمانؓ پر حملہ کرکے آپ کو 18 ذوالحجہ 35ھ بمطابق 20 مئی 656ء کو شہید کردیا۔ آپ اس وقت اپنے مکان میں قرآن کریم کی تلاوت فرمارہے تھے۔

سوال: تابعین سے کیا مراد ہے؟ دو مشہور تابعین کے نام بتائیں۔

جواب: تابعین وہ لوگ ہیں جو صحابہؓ کی صحبت سے فیضیاب ہوئے۔ حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت اویس قرنی رحمۃ اللہ علیہ۔

سوال: کسی مسلمان شاعرہ کا نام بتائیں۔

جواب: حضرت خنساء رضی اللہ عنہا

سوال: کسی مسلمان صوفی عورت کا نام بتائیں؟

جواب: حضرت رابعہ بصریؒ

سوال: فقہ کے ائمہ اربعہ ( چاراماموں ) کے نام بتائیں۔

جواب:

  1.  حضرت امام ابوحنیفہؒ ( 80ھ تا 150ھ)
  2. حضرت امام شافعیؒ (105ھ تا 204ھ)
  3.  حضرت امام مالکؒ (95ھ تا179ھ)
  4.  حضرت امام احمد بن حنبلؒ (164ھ تا241ھ)

سوال: امت محمدیہ کے ہر صدی کے مجددین کے نام ترتیب سے بتائیں۔

جواب:

  1.  حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ
  2.  حضرت امام شافعیؒ یا بعض کے نزدیک حضرت امام احمد بن حنبل۔۔ؒ
  3.  حضرت ابو شرحؒ وابوالحسن اشعریؒ
  4.  حضرت ابو عبد اللہ نیشاپوریؒ، حضرت قاضی ابوبکر باقلانیؒ
  5.  حضرت امام غزالیؒ
  6.  حضرت سید عبدالقادر جیلانیؒ
  7.  حضرت امام ابن تیمیہؒ و حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ
  8.  حضرت حافظ ابن حجر عسقلانیؒ وحضرت صالح بن عمر
  9.  حضرت علامہ جلال الدین سیوطیؒ
  10.  حضرت امام محمد طاہر گجراتیؒ
  11.  حضرت مجدد الف ثانی احمد سرہندیؒ
  12.  حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ
  13.  حضرت سید احمد شہید بریلویؒ (حجج الکرامہ از مولوی محمد صدیق حسن خان صاحب صفحہ 127۔ 129)
  14.  حضرت مرزا غلام احمد قادیانی مسیح موعود و مہدیٔ موعود علیہ السلام

سوال: حضرت نعمت اللہ ولیؒ کا مختصر تعارف کروایئے۔

جواب: حضرت نعمت اللہ ولیؒ نواح دہلی میں ایک نہایت باکمال اور صاحب کشف و کراما ت بزرگ گزرے ہیں۔ آپ کے بلند پایہ روحانی کمالات کی روحانی یاد گار ظہور امام مہدی سے متعلق ایک قصیدہ ہے جو صدیوں سے زبان زد خلائق ہے۔

سوال: حضرت شاہ نعمت اللہ ولیؒ کے دو اشعار دربارہ صداقت حضرت مسیح موعودؑ لکھیں۔

ا ح م د می خوانم

نام آں نامدار می بینم

دور او چوں شود تمام بکام

پسرش یادگار می بینم

ترجمہ: کشفی طور پر مجھے معلوم ہوا ہے کہ نام اس امام کا احمد ہوگا۔ جب اس کا زمانہ کامیابی کے ساتھ گزرجائے گاتو اس کا مثیل اس کا لڑکا یاد گار رہ جائے گا۔

سوال: کسی مشہور مسلمان طبیب، سائنسدان اور فلاسفر کا نام بتایئے۔

جواب:

طبیب: بوعلی سینا

سائنسدان: جابر بن حیان

فلاسفر: ابن رشد

سوال: ابن ہشام اور ابن خَلَّدُن کون تھے؟

جواب: ابن ہشام مشہور مؤرِّخ ہیں۔ ان کی کتاب “السِّیْرَۃُ النَّبَوِیَّۃُ لِابْنِ ہِشَام” تاریخ اسلام اور آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر مستند تصنیف ہے۔ ابن خلدون معروف مؤرخ اور فلاسفر ہیں “تاریخ ابن خلدون” اور “مقدمہ ابن خلدون” ان کی مشہور تصانیف ہیں۔