ضیاءالحق

روحانی خزائن جلد 9

حضرت مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہودؑ

مئی ۱۸۹۵ء میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے رسالہ ضیاء الحق تالیف فرمایا۔ جس میں آپؑ نے آتھم کے بارے میں پیشگوئی کے پورا ہونے کا تفصیل سے ذکر فرمایا اور آتھم کے رجوع سے متعلق جو الہامات ہوئے تھے وہ اس رسالہ میں تحریر فرمائے اور قرائن قویّہ سے آتھم کے رجوع بحق ہونے کو ثابت کیا۔ پھر آپ نے چار اشتہار پے درپے شائع کیے جن میں آپ نے اس شرط پر کہ اگر آتھم مندرجہ زیل الفاظ میں قسم کھا جائے تو اس کو ایک ہزار روپیہ دیا جائے گا۔ پھر دوسرے اشتہار میں اس انعامی رقم کو دو ہزار اور تیسرے اشتہار میں تین ہزار اور چوتھے اشتہار میں چار ہزار روپیہ کر دیا۔ اور قسم کے الفاظ یہ تھے کہ:’پیشگوئی کے دنوں میں ہرگز میں نے اسلام کی طرف رجوع نہیں کیا اور ہرگز اسلام کی عظمت میرے دل پر مؤثر نہیں ہوئی اور اگر میں جھوٹ کہتا ہوں تو اے قادر خدا ایک سال تک مجھ کو موت دے کر میرا جھوٹ لوگوں پر ظاہر کر۔’ مگر آتھم نے قسم کھانے سے گریز کی راہ اختیار کی اور قسم نہ اٹھائی جس سے اس کا جھوٹا ہونا اور اللہ تعالی کے الہام کی صداقت کہ آتھم نے رجوع بحق کیا اور اسی وجہ سے وہ موت کے ہاویہ سے بچ گیا دنیا پر ظاہر ہو گئی۔ اس طرح آتھم سے متعلق پیشگوئی بڑی آب وتاب سے پوری ہوئی۔