حضرت ابو الضّیَّاح بن ثابِت بن نُعمانؓ

خطبہ جمعہ 6؍ جولائی 2018ء

تاریخ اور روایات میں بعض صحابہ کے حالات زندگی اور واقعات بڑی تفصیل سے ملتے ہیں لیکن بہت سے ایسے ہیں جن کے بہت ہی مختصر حالات ملتے ہیں۔ لیکن بہرحال جنگ بدر میں شامل ہونے سے ان کا جو مقام ہے وہ تو اپنی جگہ پر قائم ہے۔ اس لئے چاہے چندسطر کا ہی ذکر ہو وہ بیان ہونا چاہئے۔

ان کی وفات 7 ہجری میں ہوئی۔ ایک روایت میں آپ کا نام عُمَیْر بن ثابت بن نعمان بن اُمَیَّہ بن اِمْرَاءُ الْقَیْس اور دوسری روایت کے مطابق نعمان بن ثابت بن اِمْرَاءُ القیس ہے۔ آپ اپنی کنیت سے مشہور ہیں جو ابو الضّیَّاح ہے۔ غزوہ بدر، اُحد، خندق اور حدیبیہ میں شریک ہوئے اور غزوہ خیبر 7ہجری میں شہید ہوئے۔ بیان کیا جاتا ہے کہ ایک یہودی نے آپ کے سر پر وار کیا جس سے آپ کا سر کٹ گیا جس سے آپ کی شہادت ہو گئی۔ (اسد الغابہ جلد 6صفحہ 175 ابو الضیاح بن ثابتؓ مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت) (الطبقات الکبریٰ جلد 3صفحہ 364-365 ابو ضیاحؓ مطبوعہ دار الکتب العلمیہ بیروت 1990ء)