حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا انتخاب

بسم اللہ الرحمن الرحیم

نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم

و علیٰ عبدہ المسیح الموعود

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ

تمام احباب جماعت ہائے احمدیہ کی اطلاع کے لئے اعلان کیاجاتا ہے کہ آج مورخہ ۲۲؍اپریل ۲۰۰۳ء؁ بروز منگل بعد نماز مغرب و عشاء مسجد فضل لندن میں سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الثانی المصلح الموعود رضی اللہ عنہ، کی مقرر کردہ مجلسِ انتخاب خلافت کا اجلاس بصدارت محترم چوہدری حمید اللہ صاحب منعقد ہوا جس میں حسبِ قواعد ہر رکن نے خلافت ِ احمدیہ سے وابستگی کا حلف اٹھایا اور اس کے بعد مکرم و محترم صاحبزادہ مرزا مسرور احمد صاحب سلّمہٗ رَبُّہٗ کو خلیفۃ المسیح منتخب کیا۔ اراکین ِ مجلس انتخاب خلافت نے اسی وقت آپ کی بیعت کی جس کے بعد احباب کو مسجد میں آنے کی عام اجازت دے دی گئی۔ اور مسجد اورگردونواح کے جملہ موجود احباب جماعت نے جن کی تعداد تقریباً دس اور گیارہ ہزار کے درمیان تھی آپ کی بیعت کی ۔ اللہ تعالیٰ اس انتخاب کو منظور فرماتے ہوئے اسے بہت بابرکت فرمائے۔ آمین

اے ہمارے رحیم اور رحمن خدا ! اے ہمارے کریم اور ودود ربّ! ہم تیرے شکر گزار ہیں کہ تونے ہمیں اپنے فضل سے نوازا اور ہماری حالتِ خوف کوا یک بار پھر امن میں بدل دیا۔ اے ہمارے قادر اور قیوم خدا ہم اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ ایک بار پھر تیرے مسیح اور مہدی علیہ السلام کی پیشگوئی مندرج رسالہ الوصیت پوری شان اور شوکت کے ساتھ پوری ہوئی۔ وللہ الحمد!

والسلام خاکسار
عطاء المجیب راشد
سیکرٹری مجلسِ شوریٰ ۲۲؍اپریل ۲۰۰۳