حضرت عبداللہ بن عمیرؓ

خطبہ جمعہ 3؍ مئی 2019ء

حضرت عبداللہ بن عمیرؓ کا تعلق قبیلہ بَنُو جِدَارَہ سے تھا۔ آپؓ غزوۂ بدر میں شریک ہوئے تھے۔ ایک قول کے مطابق آپ کے والد کا نام عمُیَر کے بجائے عُبَید بھی بیان ہوا ہے۔ اسی طرح بعض نے آپؓ کے دادا کا نام عَدِی بیان کیا ہے جبکہ بعض نے حَارِثَہ بیان کیا ہے۔ ابن ہشام نے آپؓ کا قبیلہ بَنُو جِدَارَہ بیان کیا ہے جبکہ ابن اسحاق نے بنو حَارِثَہ بیان کیا ہے۔ (السیرة النبویہ لابن ہشام صفحہ467، الانصار ومن معھم/من بنی جدارۃ، دارالکتب العلمیہ بیروت2001ء) (الطبقات الکبریٰ لابن سعد الجزء الثالث صفحہ 277، عبداللہ بن عمیر، داراحیاء التراث العربی 1996ء) (الاصابہ فی تمییز الصحابہ لابن حجر العسقلانی الجزء الرابع، صفحہ172، عبداللہ بن عمیر، دارالکتب العلمیہ بیروت2005ء)