حضرت عبداللہ بن کَعبؓ

خطبہ جمعہ 3؍ مئی 2019ء

حضرت عبداللہ بن کَعبؓ قبیلہ بنو مَازِنْ سے تھے۔ آپؓ کے والد کا نام کعب بن عَمرو اور آپؓ کی والدہ کا نام رُبَاب بنتِ عبداللہ تھا۔ آپؓ حضرت اَبُو لَیْلیٰ مَازَنِیؓ کے بھائی تھے۔ حضرت عبداللہ بن کعبؓ کے ایک بیٹے کا نام حارث تھا جو زُغَیْبَہ بنتِ اَوْس سے پیدا ہوئے تھے۔ حضرت عبداللہ بن کعبؓ غزوۂ بدر میں شریک ہوئے تھے۔ آپؓ کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوۂ بدر کے روز اموال غنیمت پر نگران مقرر فرمایا تھا۔ اس کے علاوہ دیگر مواقع پر بھی آپؓ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اموالِ خُمس پر نگران بننے کی سعادت نصیب ہوئی۔ حضرت عبداللہ بن کعبؓ غزوۂ احد، غزوۂ خندق اور اس کے علاوہ تمام دیگر غزوات میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شریک ہوئے۔ حضرت عبداللہ بن کعبؓ کی وفات مدینے میں حضرت عثمانؓ کے دورِخلافت میں 33ہجری میں ہوئی اور آپؓ کی نماز ِجنازہ حضرت عثمانؓ نے پڑھائی۔ آپؓ کی کنیت ابو حارث کے علاوہ ابو یحيیٰ بھی بیان کی جاتی ہے۔ (السیرۃ النبویہ لابن ہشام صفحہ475، الانصار ومن معھم / من بنی مازن بن النجار و حلفائھم، دار الکتب العلمیۃ بیروت 2001) (الطبقات الکبریٰ لابن سعد الجزء الثالث صفحہ 268 ’’عبد اللہ بن کعب بن عمرو‘‘۔ داراحیا ء التراث العربی بیروت لبنان 1996ء) (الاستیعاب فی معرفة الاصحاب المجلد الثالث صفحہ105 ’’عبداللہ بن کعب المازنی‘‘ داراکتب العلمیہ بیروت لبنان 2002ء) (اسد الغابہ فی معرفة الصحابہ المجلد الثالث صفحہ 370 ’’عبداللہ بن کعب بن عمرو‘‘ دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2008ء)