حضرت مسعود بن رَبیعہ بن عمروؓ

خطبہ جمعہ 26؍ جولائی 2019ء

حضرت مسعود بن رَبیعہ بن عمروؓ کا تعلق قبیلہ قَارَہ سے تھا اور آپؓ قبیلہ بنو زُہرہ کے حلیف تھے۔ حضرت مسعودؓ کی کنیت ابو عمیر تھی۔ حضرت مسعودؓ کے والد کا نام ربیع کے علاوہ رَبیعہ اور عامر بھی بیان کیا گیا ہے۔ حضرت مسعودؓ کے ایک بیٹے کا نام عبداللہ بھی ملتا ہے۔ حضرت مسعودؓ کے خاندان کومدینہ میں بنو قَارِی کہا جاتا تھا۔ حضرت مسعود بن رَبیعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دارِ ارقم میں داخل ہونے سے پہلے ایمان لے آئے تھے۔ حضرت مسعود بن رَبیعہ نے جب مدینے کی طرف ہجرت کی تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی اور حضرت عُبید بن تَیِّھَانْ کے درمیان مؤاخات کا رشتہ قائم فرمایا۔ حضرت مسعود بن رَبِیعہ غزوۂ بدر، غزوۂ اُحد، غزوۂ خندق اور اس کے علاوہ تمام دیگر غزوات میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شریک ہوئے۔ آپؓ کی وفات تیس ہجری میں ہوئی اور اس وقت آپؓ کی عمر 60؍ سال سے زیادہ تھی۔ (السیرۃ النبویہ لابن ہشام صفحہ460-461، من حضر بدرًا من المسلمین /من بنی زھرة، دار الکتب العلمیۃ بیروت 2001ء) (الطبقات الکبریٰ لابن سعد الجزء الثالث صفحہ 89-90 مسعود بن ربیع۔ داراحیا ء التراث العربی بیروت لبنان 1996ء) (اسد الغابہ فی معرفة الصحابہ المجلد الخامس صفحہ 154-155 ’’مسعود بن ربیعہ‘‘ دارالکتب العلمیہ بیروت لبنان2008ء) (الاصابہ فی تمییز الصحابہ لابن حجر عسقلانی جلد6صفحہ77 مسعود بن ربیعہ، دارالفکر بیروت 2001)