تذکرہ

الہامات، کشوف و رؤیا۔ ایڈیشن 2023ء

حضرت مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہودؑ

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے الہامات، کشوف اور رویائے صادقہ کےمجموعہ تذکرہ کو 1935ء میں پہلی دفعہ دفتر نظارت تالیف کی طرف سے حضرت صاجزادہ مرزا بشیر احمد صاحب کی نگرانی میں شائع کیا گیا تھا۔ دوسرا ایڈیشن 1956 میں سامنے آیا۔ ایڈیشن سوم 1969 جبکہ تذکرہ کا ایڈیشن چہارم 2004میں کمپیوٹر پر ٹائپ کرکے طبع کروایا گیا۔یہ جدید ایڈیشن 2023ء میں دیدہ زیب ٹائپ سیٹ پر تیار کیا گیا ہے۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو نصیب ہونے والی خدا تعالیٰ سے ہم کلامی پر مشتمل مواد کی ترتیب و تدوین کا یہ سفر خلفائے احمدیت کی زیر نگرانی جاری رہا اور اب زیر نظر موجودہ ایڈیشن میں مختلف زبانوں کے الہامات کے اردو تراجم ، ہرعبارت واقتباس کے معین حوالہ جات،توضیحی نوٹس،الہامات کی تشریح بیان فرمودہ خلفائے احمدیت،ضروری  تعارفی حواشی وغیرہ کی پیشکش میں از حد محنت سے کام کیا گیا ہے۔

جماعتی لٹریچر کے ہزارہا ہزار صفحات پر موجود الہامات و کشوف  کوکتابی شکل میں مرتب کرکے پیش کرنے میں درج ذیل فاضل علمائے سلسلہ نے اپنے اپنے دور میں نہایت جانفشانی اور عرقریزی سے کام کرنے کی سعادت پائی ہے: مولانا محمد اسماعیل صاحب فاضلؓ، شیخ عبدالقادر صاحب مبلغ سلسلہ،مولوی عبدالرشید صاحب زیروی، مولانا عبداللطیف صاحب بہاولپوری، مبلغ بلاد عربیہ چوہدری محمد شریف صاحب، مولاناجلال الدین شمس صاحب،محترم  سید عبدالحئی شاہ صاحب۔