الحقّ المُبین فی تفسیر خاتم النبیین

مفتی محمد شفیع دیوبندی کی کتاب “ختم نبوت کامل” پر تبصرہ

قاضی محمد نذیر فاضل

یہ کتاب دراصل مفتی محمد شفیع صاحب دیوبندی کی کتاب ’’ختم نبوت کامل ہر سہ‘‘ پرایک مختصر ناقدانہ تبصرہ ہے۔ اس تنقیدی مضمون میں آیت خاتم النبیین کی تفسیر، سیاق آیت، لغت عربی، آیات قرآنیہ اور احادیث نبویہ کی روشنی میں پیش کی گئی ہے اور مفتی محمد شفیع صاحب کے پیش کردہ معنی کی کہ آنحضور ﷺ وصف نبوت سے متصف ہونے کے لحاظ سے آخری نبی ہیں، کی قرآن مجید اور احادیث نبویہ کی روشنی میں بڑی متانت سے تردید کی گئی ہے۔ اور یہ ثابت کیا گیا ہے کہ جو منصب مفتی صاحب نے آنحضرت ﷺ کے بعد حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے لئے تسلیم کیا ہے کہ وہ نبی بھی ہونگے اور امتی بھی ہونگے۔ جماعت احمدیہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو وفات یافتہ ماننے کی وجہ سے حضرت بانی سلسلہ احمدیہ مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام کو اسی مذکورمنصب پر مامور من اللہ اور مجدد اسلام تسلیم کرتی ہے اورحضرت مرزا صاحب کو امتی نبی ہی مانتی ہے نہ کہ نئی شریعت لانے والا یا مستقل نبی۔ تشریعی اور مستقل انبیاء میں آنحضورﷺ آخری فرد ہیں۔

تین سو سے زائد صفحات پر مشتمل اس تحقیقی جواب کو محترم قاضی محمد نذیر صاحب لائلپوری نومبر 1971ء میں بڑی محنت اور عرق ریزی سے مرتب کیا تھا تا پڑھنے والوں کو جماعت احمدیہ کا موقف سمجھنے میں آسانی ہوجائے اور انہیں ہدائیت کی راہوں کی طرف آنا نصیب ہوجائے۔