امام اعظم حضرت ابو حنیفہ رحمہ اللہ تعالیٰ

فہرست مضامین

دیباچہ

کوفہ شہر کی ایک گلی میں ایک خوبصورت نوجوان لڑکا گذررہا تھا۔ کوئی 17سال کی عمر ہوگی۔ چہرے سے ذہانت ٹپک رہی جیسے کسی مکتب کا ہونہار طالبِعلم ہو۔ راستہ میں کوفہ کے ایک بہت بڑے اور مشہورعالم امام شعبیؒ کا مکان تھا۔ امام شعبیؒ نے اس لڑکے کو دیکھ کر پوچھا۔ میاں! کہاں جارہے ہو؟ لڑکے نے جواب دیا: میں ایک تجارتی کام سے بازارجارہا ہوں۔ امام شعبیؒ نے اپنے سوال کی وضاحت کرتے ہوئے پوچھا: میرا مطلب ہے تم کس سے پڑھتے ہو؟ لڑکے نے جواب دیا کسی سے بھی نہیں۔ امام شعبیؒ نے غالباًاس لڑکے کے چہرے سے اس کی غیرمعمولی ذہانت اور قابلیت کے جوہر کا اندازہ کرلیا تھا۔ بڑی محبت سے اسے کہنے لگے: ”تمہیں چاہیے کہ علماء کے پاس بیٹھا کرواورعلم حاصل کیا کرو۔”

چنانچہ اس دن سے اس لڑکے کی زندگی میں ایک تبدیلی واقع ہوئی اور اس نے اپنے آپ کوحصولِ علم میں مصروف کردیااور اس قدر اس میں کمال حاصل کیا کہ آج بھی ان کے علم سے کروڑ ہا انسان فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ یہ حضرت امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ تعالیٰ تھے۔

حضرت امام ابو حنیفہؒ نے دینی علوم میں مہارت حاصل کی اور قرآن و حدیث کی روشنی میں عبادات اور انسانی زندگی کے مسائل زیربحث لا کر ان کا حل پیش کیا۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو دینی مسائل کی سمجھ بوجھ کا خاص ملکہ عطا فرمایا تھا اسی لیے آپ کے علمِ فقہ کو سب سے زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی اور آپ امامِ اعظم کے لقب سے مشہور ہوئے۔

آپ نے نہ صرف علم کے میدان میں کمال حاصل کیا بلکہ نیکی، تقویٰ اور طہارت میں بھی بہت ترقی کی۔ آپ نہایت اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے۔ اس کتاب میں آپ کے سوانحِ حیات کے ساتھ ساتھ آپ کی سیرت اور اخلاق کے خوبصورت واقعات بھی شامل ہیں جو پڑھنے والوں کے لیے یقینًا دلچسپ بھی ہوں گے اور فائدہ مندبھی۔ امام اعظم کی سیرت بطور خاص طالبِعلموں کو ایک مضبوط عزم اور بلند حوصلہ عطا کرنے کا موجب ہو گی۔ اللہ کرے کہ تمام احمدی خدام واطفال اس کتاب کو پڑھ کر اس سے فائدہ اٹھانے والے اور علم و عمل میں ترقی کرنے والے ہوں۔ آمین

پیش لفظ

شعبہ اشاعت مجلس خدام الاحمدیہ احمدی نوجوانوں اور بچوں کو بزرگانِ سلف کی سیرت و سوانح سے واقفیت دلانے کے لیے سادہ زبان اور عام فہم انداز میں مختصر کتابیں شائع کر رہی ہے۔

زیرنظر کتاب حضرت امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کی سیرت و سوانح پر مشتمل ہے۔ یہ کتاب پہلی مرتبہ اگست 1983ء میں مکرم و محترم محمود احمد شاہد صاحب سابق صدر مجلس خدام الاحمدیہ مرکزیہ کے دور صدارت میں شائع ہوئی۔ ایک لمبے عرصے کے بعد شعبہ اشاعت مجلس خدام الاحمدیہ اب اس کتاب کو کمپوز کر کے دوبارہ شائع کرنے کی توفیق پا رہا ہے۔

کتاب کی اشاعت کے دوران خاکسار کے ساتھ۔ اور۔ نے خصوصی تعاون فرمایا۔ اللہ تعالیٰ ان احباب کو اور کتاب کی مصنفہ کو اپنی جناب سے بہترین اجر عطا فرمائے اور یہ خدمت قبول فرمائے۔ آمین