امن کا پیغام اور ایک حرفِ انتباہ

حضرت حافظ مرزا ناصر احمد، خلیفۃ المسیح الثالثؒ

حضرت حافظ مرزا ناصر احمد صاحب خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ کا یہ لیکچر نظارت نشر و اشاعت قادیان کا شائع کردہ ہے، جو حضور نے اپنے دورہ یورپ کے دوران 28 جولائی 1967ء کو لندن شہر میں وانڈز ورتھ ٹاؤن ہال میں حاضرین کے سامنے ارشاد فرمایا تھا۔ اس روح  پرور اور عظیم الشان خطاب میں آپ نے دنیا کو تاریخ انسانی کے تکلیف دہ المیوں کا حوالہ دیتے ہوئے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی پیش گوئیوں کے مطابق عالمگیر تباہیوں اور جنگوں سے متنبہ فرمایا اور اسلام احمدیت کے عالمگیر اور لازوال غلبہ کی بشارت دی۔ اس لیکچر میں آپ نے شدید انذار کے ساتھ ساتھ یہ بشارت بھی دی کہ اگر انسان توبہ و استغفار کرے اور اپنے مالک کی طرف رجوع کرتے ہوئے اس کے احکامات کو مانے تو وہ عذابوں اور تباہیوں سے بچ سکتا ہے۔