حیاتِ نور

حضرت شیخ عبدالقادر، سابق سوداگرمل
شائع کرده مجلس انصاراللہ

فاضل مصنف نے اواخر سن 1963ء میں پوری تحقیق و تدقیق اور محنت و عرقریزی سے کام لیکر حضرت حکیم الامت مولوی نورالدین صاحب خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ عنہ کی ایک جامع سوانح عمری تیار کرکے کتابی شکل میں پیش کی تھی جسے سن 2003ء میں قادیان سے نظارت نشر و اشاعت نے طبع کروایا ہے۔ کتاب میں واقعات کی ترتیب ، چھان بین اور تفاصیل کے بیان کے لحاظ سے یہ کتاب بہت قابل قدر ہے، نیز اس تالیف میں خوشکن بات یہ ہے کہ واقعات کے اندراج کے وقت مفہوم بیان کرنے کی بجائے حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ عنہ کے اپنے اصل الفاظ کو ہی تلاش کرکے درج کیا گیا ہے۔ اس کتاب میں علاوہ مفصل سوانح عمری کے سیرت کے واقعات حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ عنہ کے زمانہ کے احباب سے سن کر روایات کی شکل میں محفوظ کر دیا گیا ہے۔

الغرض یہ کتاب جہاں حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ عنہ کی ارفع شان، علم کی گہرائی، خدا داد بصیرت اور گہرے و خاص تعلق باللہ کے ایمان افروز اور نہایت پراثر واقعات سے بھرپور ہے وہاں سلسلہ احمدیہ کی تاریخ اور خلافت حقہ اسلامیہ احمدیہ کے قیام و استحکام کے  ایک نہایت اہم دور بھی بیان کررہی ہے۔