حضرت نَصْر بن حارِثؓ

خطبہ جمعہ 19؍ جولائی 2019ء

حضرت نَصْر بن حارِثؓ انصار کے قبیلہ اوس کے خاندان بنوعَبد بن رَزَاخ میں سے تھے۔ ان کا نام نُمَیر بن حارِث بھی بیان کیا جاتا ہے۔ ان کی کنیت ابوحَارِث تھی۔ ان کے والد کا نام حارِث بن عَبْد اور والدہ کا نام سَوْدَہ بنت سُوَّادْ تھا۔ (الطبقات الکبریٰ جلد 3 صفحہ 346 نصر بن حارِث دارالکتب العلمیۃبیروت1990ء) (السیرۃ النبویہ لابن ہشام جلد 1 صفحہ405، من حضر بدرًا من المسلمین دار الکتاب العربی بیروت 2008 ء)

حضرت نَصر بن حارِثؓ کو غزوۂ بدر میں شریک ہونے کی سعادت نصیب ہوئی۔ ان کے والد حارِث رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بھی آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی ہونے کا شرف حاصل تھا۔ حضرت نصرؓ جنگِ قادسیہ میں شہید ہوئے۔ (اسد الغابة فی معرفۃ الصحابۃجلد5 صفحہ299 نصر بن حارِث دارالکتب العلمیۃ بیروت 1994ء)

قادسیہ ایران، موجودہ عراق میں ایک مقام ہے جو کوفہ سے پینتالیس میل کے فاصلے پر واقع ہے اور 14؍ ہجری میں حضرت عمرؓ کے دورِ خلافت میں مسلمانوں اور ایرانیوں کے درمیان قادسیہ کے مقام پر ایک فیصلہ کن جنگ لڑی گئی تھی جس کے نتیجے میں پھر ایرانی سلطنت مسلمانوں کے قبضہ میں آ گئی تھی۔ (تاریخ الطبری جلد 4 صفحہ111دار الفکر بیروت 2002ء) (فرہنگ سیرت از سید فضل الرحمٰن صفحہ 229 زوار اکیڈمی کراچی 2003ء)