انوارالاسلام

روحانی خزائن جلد 9

حضرت مرزا غلام احمد قادیانی، مسیح موعود و مہدی معہودؑ

مسٹر عبداللہ آتھم عیسائی مناظر سے متعلق مباحثہ ‘جنگ مقدس’ کے اختتام پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے یہ پیشگوئی فرمائی تھی کہ وہ پندرہ ماہ کے عرصہ میں ہاویہ میں گرایا جائے گا بشرطیکہ حق کی طرف رجوع نہ کرے۔ جب پیشگوئی کی مایعاد پندرہ ماہ گزر گئی اور آتھم نہ مرا اور اللہ تعالی نے حسب پیشگوئی رجوع الی الحق کی وجہ سے اسے مہلت عطا فرمائی تو عیسائیوں نے اس پر بڑی خوشیاں منائیں اور اسے عیسائیت کی فتح سمجھ کر ۶؍دسمبر۱۸۹۴ء کو امرتسر میں آتھم کا جلوس بھی نکالا۔ یہ مقابلہ درحقیقت اسلام اور عیسائیت کا تھا جیسا کہ خود مسیحی اخبار نور افشاں نے بھی لکھا تھا۔ لیکن باوجود اس کے بعض بے غیرت ملّاؤں اور ان کے متبعین نے عیسائیوں کے ساتھ مل کر شور و غل اور استہزاء میں برابر کا حصّہ لیا اور پیشگوئی کے پورا نہ ہونے کا شور مچایا اور اس پر اعتراضات کیے۔ گندے اور گالیوں سے پر دل آزار اشتہارات نکالے اور حد درجہ بدزبانی سے کام لیا۔ تب حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ان مکفّر ملّاؤں کو ترکی بہ ترکی جواب دیا اور ان کی اسلام سے دشمنی کا تذکرہ فرمایا۔