اللہ تعالیٰ کی صفت الرافع

خطبہ جمعہ 19؍ جون 2009ء

فرمودہ حضرت مرزا مسرور احمد، خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز


تشہد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:

اللہ تعالیٰ کی صفات میں سے ایک نام رَافِع ہے۔ یعنی وہ ذات جو مومن کو بلند مقام عطا فرماتی ہے اور بلند مقام کس طرح ملتا ہے؟ یہ ایک مومن کو اس کے نیک اعمال بجا لانے اور اس کے لئے کوشش اور جدوجہد کے بعد اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملتا ہے۔ اور بعض اوقات اللہ محض اور محض اپنے فضل سے انسان کو بلند مقام عطا فرما دیتا ہے اور اس طرح فضل فرماتا ہے کہ جس کے بارے میں انسان بعض دفعہ تصور بھی نہیں کر سکتا اور جو اس کے اولیاء اور خاص بندے ہوتے ہیں ان کو مزید اپنے قریب کرکے ایک خاص قرب کا مقام دے کر مزید بلندیاں عطا فرماتا ہے اور بعض کو انبیاء کا درجہ دے کر اپنی خاص تعلیم کے ذریعہ سے بلند مقام عطا فرماتا ہے۔

قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اِلَیْہِ یَصْعَدُ الْکَلِمُ الطَّیِّبُ وَالْعَمَلُ الصَّالِحُ یَرْفَعُہٗ (فاطر: 11) اسی کی طرف پاک کلمہ بلند ہوتا ہے اور اسے نیک عمل بلندی کی طرف لے جاتا ہے۔

اس آیت کے جس کا مَیں نے تھوڑا سا حصہ ہی پڑھا ہے لیکن اس کے بھی اس حصہ کا کہ وَالْعَمَلُ الصَّالِحُ یَرْفَعُہٗ اس ضمن میں لین ایک لغت کی کتاب ہے جس نے بہت سی لغات سے مطالب اکٹھے کئے ہوئے ہیں۔ اس میں لکھا ہے کہ نیک اعمال کو وہ قبول کرے گا۔ یا اس کا یہ مطلب ہو سکتا ہے کہ نیک عمل تعریف کا موجب بنتے ہیں۔ یا نیک عمل ہی اعلیٰ مقام کے حصول کا ذریعہ ہے اور نیک عمل کے بغیر انسان کی بات قبول نہیں کی جائے گی۔

پس اللہ تعالیٰ رَافِعْ ہے لیکن ساتھ ہی قادر بھی ہے وہ جس طرح چاہے کسی کو بلند مقام عطا فرما سکتا ہے۔ یا انعام سے نواز سکتا ہے۔ لیکن اس نے یہ عمومی طورپر یہ اصول مقرر فرما دیا کہ وَالْعَمَلُ الصَّالِحُ یَرْفَعُہٗ اور نیک عمل بلندی کی طرف لے جاتا ہے۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اس ضمن میں فرماتے ہیں کہ ’’اعمال صالحہ کی طاقت سے ان کا خدائے تعالیٰ کی طرف رفع ہوتا ہے۔‘‘ (ازالہ اوہام روحانی خزائن جلد 3 صفحہ 334)

جو اعمال بجا لانے والے لوگ ہیں، نیک لوگ ہیں، مومن لوگ ہیں، ان کا اعمال صالحہ کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی طرف رفع ہوتا ہے اور انبیاء کا اس میں بہت بڑا مقام ہے۔

پھر آپؑ نے فرمایا کہ ’’مَیں اپنی جماعت کو مخاطب کرکے کہتا ہوں کہ ضرورت ہے اعمال صالحہ کی۔ خداتعالیٰ کے حضور اگر کوئی چیز جا سکتی ہے تو وہ یہی اعمال صالحہ ہیں۔‘‘ (ملفوظات جلد اول صفحہ 114 جدید ایڈیشن مطبوعہ ربوہ)

پس اس دنیا میں بھی اللہ تعالیٰ کا قرب پانے کے لئے اعمال صالحہ کی ضرورت ہے اور اگلے جہاں میں بھی ایک انسان کی اگراس کے ایمان میں پختگی ہے یہی خواہش ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے معیاروں کو حاصل کرے اور اس کے لئے اللہ تعالیٰ نے یہی اصول مقرر فرمایا ہے کہ اعمال صالحہ بجا لاؤ۔ پس اس آیت سے یہ پتہ چلتا ہے کہ جس طرح عرب کے جہالت اور برائیوں میں پڑے ہوئے لوگوں کو کہا جاتا تھا کہ آنحضرتﷺ کے زیر اثر آ کر نہ صرف تم اپنی برائیاں دور کرو گے بلکہ نیکی، تقویٰ، عزت اور وقار کے اعلیٰ ترین معیار حاصل کرو گے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ فرمایا کہ جو قومیں آج تمہیں تخفیف کی نظر سے دیکھتی ہیں، تمہیں جاہل اور بدو سمجھتی ہیں، وہ ایک وقت میں تمہارے سامنے جھکنے والی ہو جائیں گی۔ لیکن یہ سب عزت اور بڑائی ان لوگوں کے خالص ایمان کی وجہ سے ہو گی، اعلیٰ اخلاقی قدروں کے نتیجہ میں ہو گی اور نیک اعمال بجا لانے کے نتیجہ میں ہو گی۔ پس اس چیز کے حصول کے لئے کوشش کرو اور پھر دنیا نے دیکھا کہ ایک دنیا انہی جاہلوں یا جاہل کہلانے والوں کے زیر نگیں اللہ تعالیٰ نے کر دی اور یہ بات قرآن کریم میں محفوظ فرما کر اللہ تعالیٰ نے آئندہ آنے والے مسلمانوں کے لئے بھی راستے متعین کر دئیے کہ اس اصول کو اپناؤ گے تو اپنا مقام حاصل کرو گے۔ لیکن بدقسمتی سے یہ نیکیاں اپنانے کی بجائے جن کا اللہ تعالیٰ نے اپنے پاک کلام میں حکم دیا ہے دنیا کی ہوا و ہوس کے پیچھے مسلمان پڑ گئے ہیں۔ اور نتیجۃً اسلاف کی جو میراث تھی وہ کھو بیٹھے ہیں۔ خدا کے نام پر مسلمان، مسلمان کے خون کا پیاسا ہو رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج جو غیر ہیں، غیر مسلم ہیں وہ مسلمانوں پر حکمران بنے ہوئے ہیں۔ اپنے مسائل حل کرنے کے لئے مسلمان حکومتیں مغرب کی طرف دیکھتی ہیں، غیروں کی طرف دیکھتی ہیں۔ کسی مسلمان ملک کے اندرونی معاملات ہیں اور وہاں بدامنی اور بے چینی ہے، قتل و غارت ہو رہی ہے۔ تو بجائے مسلمان ملکوں کے کہ انہیں سمجھائیں امریکہ اور یورپ ان معاملات میں دخل اندازی کرتے ہیں ان کے ٹھیک کرنے کے لئے اپنے آپ کو پیش نہیں کرتے بلکہ زبردستی کرتے ہیں۔ اور پھر کیونکہ یہ غیر مسلم حکومتیں ہیں اس لئے انتہائی ہتک آمیز سلوک پھر ان کے کارندے مسلمانوں سے کرتے ہیں۔ پھر مسلمانوں کی طرف سے ایک شور اٹھتا ہے۔ غرض اسلام کی حقیقی تعلیم پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے بلندیوں میں جانے کی بجائے پستیوں کی طرف مسلمان آج کل گر رہے ہیں۔ تو اللہ تعالیٰ نے یہ اصول بتا یا کہ آنحضرتﷺ کی پیروی میں اعلیٰ اعمال ہی تمہارے لئے اونچے مقام دلانے والے ہو سکتے ہیں پس سوچو اور غور کرو اور ان پر عمل کرنے کی کوشش کرو۔ لیکن سوچنے اور غور کرنے کے بعد بھی مسلمان علماء اور مسلمانوں کے لیڈر یہ تو کہتے ہیں کہ ہمارے عمل غیر صالح ہونے کی وجہ سے ہماری حرکات کی وجہ سے ہمیں بلندیوں کی بجائے ذلت کا سامنا ہے۔ لیکن یہ ماننے کو تیار نہیں کہ عمل صالح بجا لانے کے جو طریقے خداتعالیٰ نے بتائے ہیں، اس زمانہ میں خاص طورپر، ان پر کس طرح عمل کرنا ہے۔ آنحضرتﷺ کا وہ عاشق صادق جو خدا کے بعد ہر وقت آپ کے عشق میں مخمور رہتا تھا اور اس عشق رسول کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے اسے زمانے کا امام اور مہدی اور مسیح بنا کر بھیجا تھا اور اپنے نور سے منور کیا ہے۔ اس عاشق رسول کا انکار تم کر رہے ہو اور نہ صرف انکار کر رہے ہو بلکہ آج مسلمان ہونے کی تعریف یہی ہے کہ جو اس عاشق صادق کو گالیاں دے ہر تحریر میں گندے اور بے ہودہ الفاظ استعمال کر ے وہی سچا مسلمان کہلاتا ہے۔ اس عاشق رسول نے تو یہ اعلان کیا تھا اور اعلان کرتا ہے کہ ؎

جب سے یہ نور ملا نورِ پیمبرؐ سے ہمیں

ذات سے حق کے وجود اپنا ملایا ہم نے

اور پھر فرمایا:

مصطفیٰؐ پر تیرا بے حد ہو سلام اور رحمت

اس سے یہ نور لیا بار خدایا ہم نے

(آئینہ کمالات اسلام روحانی خزائن جلد 5 صفحہ 225)

اور یہ ظالم کہتے ہیں کہ نعوذ باللہ حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام کافر ہیں کیونکہ آنحضرتﷺ کے مقام کی ہتک کرتے ہیں۔ پس وہ نُور جو آنحضرتﷺ کا نُور ہے، جس کا ذکر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ہے اس کا صحیح ادراک اس زمانے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے علاوہ نہ کسی کو ہے اور نہ کسی کو ہو سکتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی تقدیر نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آپؑ ہی وہ عاشق صادق ہیں جن کو آپ کے مقام کا اور نور کا ادراک ہے۔ اس نُور کی خوبصورتی کو جس انداز میں آپؑ نے پیش فرمایا ہے وہ آپ کا ہی حصہ ہے۔ پس آج عمل صالح کرکے بلند مقام پانے والے وہی لوگ ہوں گے جو اس عاشق صادق سے حقیقی رنگ میں جڑ جائیں گے۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے آنحضرتﷺ کے مقام اور نور محمدی کی سورۃ نور کی ایک آیت کی روشنی میں جو تفسیر فرمائی ہے وہ مَیں پیش کرتا ہوں۔ یہ سورۃ نور کی آیت 36 ہے۔ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اَللّٰہُ نُوۡرُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ؕ مَثَلُ نُوۡرِہٖ کَمِشۡکٰوۃٍ فِیۡہَا مِصۡبَاحٌ ؕ اَلۡمِصۡبَاحُ فِیۡ زُجَاجَۃٍ ؕ اَلزُّجَاجَۃُ کَاَنَّہَا کَوۡکَبٌ دُرِّیٌّ یُّوۡقَدُ مِنۡ شَجَرَۃٍ مُّبٰرَکَۃٍ زَیۡتُوۡنَۃٍ لَّا شَرۡقِیَّۃٍ وَّ لَا غَرۡبِیَّۃٍ ۙ یَّکَادُ زَیۡتُہَا یُضِیۡٓءُ وَ لَوۡ لَمۡ تَمۡسَسۡہُ نَارٌ ؕ نُوۡرٌ عَلٰی نُوۡرٍ ؕ یَہۡدِی اللّٰہُ لِنُوۡرِہٖ مَنۡ یَّشَآءُ ؕ وَ یَضۡرِبُ اللّٰہُ الۡاَمۡثَالَ لِلنَّاسِ ؕ وَ اللّٰہُ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ   (النور: 36) کہ اللہ آسمان اور زمین کا نور ہے، اس کے نور کی مثال ایک طاق کی سی ہے جس میں ایک چراغ ہے وہ چراغ شیشہ کے شمع دان میں ہو، وہ شیشہ ایسا ہو گویا ایک چمکتا ہوا روشن ستارہ ہے۔ وہ چراغ زیتون کے ایک ایسے مبارک درخت سے روشن کیا گیا ہو جو نہ مشرقی ہو اور نہ مغربی۔ اس کا تیل ایسا ہے کہ قریب ہے کہ وہ از خود بھڑک کرروشن ہو جائے۔ خواہ اسے آگ کا شعلہ نہ بھی چھوا ہو یہ نورٌ علی نور ہے، اللہ اپنے نور کی طرف جسے چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے اور اللہ لوگوں کے لئے مثالیں بیان کرتا ہے اور اللہ ہر چیز کا دائمی علم رکھنے والا ہے۔

پہلے اَللّٰہُ نُوْرُالسَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ کی وضاحت کرتے ہوئے آپ فرماتے ہیں کہ ’’خدا آسمان و زمین کا نور ہے۔ یعنی ہر ایک نور جو بلندی اور پستی میں نظر آتا ہے خواہ وہ ارواح میں ہے‘‘ روحوں میں ہو، ’’خواہ اجسام میں، خواہ ذاتی ہے اور خواہ عرضی‘‘ یعنی خواہ کسی کی ذاتی خوبی کی وجہ سے اس میں نظر آ رہا ہے وہ نور یا کسی سے مانگ کے لیا ہے ’’اورخواہ ظاہری ہے اور خواہ باطنی اور خواہ ذہنی ہے، خواہ خارجی۔ اُسی کے فیض کا عطیہ ہے۔‘‘ یہ تمام قسم کے نور جو ہیں، یہ اللہ تعالیٰ کے فیض کا عطیہ ہیں۔‘‘ یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ حضرت ربّ العالمین کا فیضِ عام ہر چیز پر محیط ہو رہاہے اور کوئی اس کے فیض سے خالی نہیں۔ وہی تمام فیوض کا مبدء ہے‘‘ اسی سے تمام فیض پھوٹتے ہیں ’’اور تمام انوار کا علت العلل‘‘ اسی کی وجہ سے تمام (یعنی وہی وجہ بنتا ہے تمام نوروں کا) ’’اور تمام رحمتوں کا سرچشمہ ہے۔ اسی کی ہستیٔ حقیقی تمام عالم کی قیوم‘‘ تمام کائنات کو قائم رکھنے والی ’’اور تمام زیر و زبر کی پناہ ہی وہی ہے‘‘ جو بھی الٹ پلٹ ہے، تباہی ہے، بربادی ہے تعمیر ہے، تخریب ہے، ہر چیز کی پناہ وہی ہے۔ ’’جس نے ہر ایک چیز کو ظلمت خانۂ عدم سے باہر نکالااور خلعت وجود بخشا۔‘‘ یعنی کچھ چیز نہیں تھی پہلے جو ایک کائنات بھی بند تھی، پھر اللہ تعالیٰ نے اس کو پیدا کیا اور اس کو وجود بخشا۔ فرمایا ’’یہ تو عام فیضان ہے‘‘ یہ ایک ایسا فیضان ہے جس سے ہر ایک فائدہ اٹھا رہا ہے۔ ’’جس کا بیان آیت اَللّٰہُ نُوْرُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ میں ظاہر فرمایا گیا۔ یہی فیضان ہے جس نے دائرہ کی طرح ہر یک چیز پر احاطہ کر رکھا ہے‘‘ دنیا کی ہر مخلوق جو ہے وہ چاہے مومن ہے غیر مومن ہے، پتھر ہیں۔ پہاڑ ہیں، پانی ہے، جانور ہیں ہر چیز پر اللہ تعالیٰ نے احاطہ کر رکھا ہے۔ ’’جس کے فائز ہونے کے لئے کوئی قابلیت شرط نہیں۔ لیکن بمقابلہ اس کے ایک خالص فیضان بھی ہے جو مشروط بشرائط ہے۔‘‘ ایک ایسا فیض ہے جو خالص ہے اس کی بعض شرطیں ہیں ’’اور انہیں افرادِ خاصہ پر فائض ہوتا ہے جن میں اس کے قبول کرنے کی قابلیت و استعداد موجود ہے‘‘ اور یہ جو خاص فیضان ہے یہ انہی لوگوں کے لئے ہے جن میں وہ استعدادیں بھی موجود ہوں جو اس کو قبول کر سکتی ہیں۔ ’’یعنی نفوس کاملہ انبیاء علیہم السلام پر جن میں سے افضل واعلیٰ ذات جامع البرکات حضرت محمد مصطفیﷺ ہے‘‘ اور یہ جو قابلیت اور استعدادیں رکھنے والے لوگ ہیں وہ سب سے زیادہ انبیاء علیہم السلام ہیں اور انبیاء میں بھی سب سے زیادہ استعدادیں اور قابلیت رکھنے والی آنحضرتﷺ کی ذات ہے جو تمام قسم کی برکات کا مجموعہ ہے۔ ’’دوسروں پرہرگز نہیں ہوتا اور چونکہ وہ فیضان ایک نہایت باریک صداقت ہے‘‘ ایک ایسی سچائی ہے۔ جو بہت غور کرنے سے نظر آتی ہے۔ جو فیض ہے یہ اللہ تعالیٰ کا خاص فیض ’’اور دقائق حکمیہ میں سے ایک دقیق مسئلہ ہے۔‘‘ اور حکمت کی جو باریکیاں ہیں ان میں سے ایک بڑا باریک مسئلہ ہے یہ۔ یہ ہر ایک کو نظر نہیں آ سکتا۔ ’’اس لئے خداوندتعالیٰ نے اول فیضانِ عام کو‘‘جو ظاہر میں ظاہر ہو رہا ہے ’’بیان کرکے‘‘ یعنی اللہ تعالیٰ تمام زمین و آسمان کا نور ہے اس کو بیان کرکے پھر فرمایا ہے، ’’پھر اس فیضانِ خاص کو بغرض اظہار کیفیت نور حضرت خاتم الانبیاءﷺ ایک مثال میں بیان فرمایا ہے۔‘‘ پہلے اللہ تعالیٰ نے اپنانور بیان فرمایا کہ اللہ زمین و آسمان کا نور ہے اور کوئی چیز اس سے باہر نہیں۔ وہی ہر چیز کی پیدائش ہے اور وہی ہر چیز کو قائم رکھنے والا ہے۔ پھر اس خاص نور کی طرف اشارہ فرمایا اور اس کی مثال ایک دی جو خاص نور کی انتہاء ہے وہ آنحضرتﷺ کی ذات میں ہے’’جو اس آیت سے شروع ہوتی ہے۔‘‘ آیت کے اس حصہ سے کہ ’’مَثَلُ نُوْرِہٖ کَمِشْکٰوۃٍ فِیْھَا مِصْبَاحٌ‘‘ یعنی ’’اس نور کی مثال (فردِ کامل میں جو پیغمبر ہے) یہ ہے جیسے ایک طاق‘‘ یعنی ایک خانہ بنا ہوتا ہے جو دیوار پہ۔ ایسی جگہ جو دیوار میں خاص روشنی کے لئے یا چیزیں رکھنے کے لئے بنائی جاتی ہے۔ عموماًروشنی کے لئے بنائی جائے اس کو طاق کہتے ہیں۔ آپؑ فرماتے ہیں کہ وہ طاق آنحضرتﷺ کا وسیع تر سینہ ہے اور اس طاق میں، یہ ایک مثال بیان ہو رہی ہے، ’’اور طاق میں ایک چراغ‘‘ ایک روشنی کا لیمپ ہے اور یہ چراغ اللہ تعالیٰ کی وحی ہے اور یہ جو فرمایا کہ وہ چراغ شیشے کے شمع دان میں ہے تو شمع دان میں جب چراغ رکھا ہو اس کی ایک مثال اس لئے دی ہے، شیشے کے چراغ میں کہ جب شمع دان میں چراغ رکھا ہو تو آندھیوں وغیرہ سے محفوظ رہتا ہے۔ جب ایک گلوب میں روشنی ہوتی ہے کوئی بھی شعلہ تو ایک تو محفوظ رہتی ہے وہ باہر کی ہواؤں سے، موسمی اثرات سے دوسرے روشنی بڑھ جاتی ہے اس کی۔ جیسا کہ عام آدمی بھی جانتے ہیں ہمارے تیسری دنیا میں تو ہر جگہ مٹی کے تیل کی لالٹینیں استعمال کی جاتی ہیں، غریب ملکوں میں۔ تو اس شیشہ کے گلوب کی وجہ سے، وہی شعلہ اگر ویسے ہوا میں رکھا جائے تو بجھ جائے اسی کو لالٹین میں جب استعمال کرکے اور اس کے اوپر چمنی چڑھا دی جاتی ہے یا گلوب چڑھا دیا جاتا ہے تو شعلہ محفوظ ہو جاتا ہے اور آندھیوں میں بھی لوگ لے کے پھر رہے ہوتے ہیں، جہاں جدید قسم کی ٹارچیں وغیرہ نہیں ہوتیں اور جہاں لیمپ یا ٹارچ کا سوال پیدا ہو وہاں بھی جب اس کے اوپر شیشہ چڑھایا جائے، گلوب چڑھایا جائے، رفلیکٹر (Reflecter) چڑھایا جائے تو روشنی مزید پھیلتی ہے۔

تو بہرحال حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں کہ وہ ’’چراغ ایک شیشہ کی قندیل میں جو نہایت مصفّٰی ہے (یعنی نہایت پاک اور مقدس دل میں جو آنحضرتﷺ کا دل ہے جو کہ اپنی اصل فطرت میں شیشۂ سفید اور صافی کی طرح ہریک طور کی کثافت اور کدورت سے منزّہ اور مطہر ہے‘‘ ہر چیز سے ہر گند سے پاک ہے آنحضرتﷺ کا دل۔ ’’اور تعلقات ماسوا اللہ سے بکلی پاک ہے)‘‘یعنی آپؐ کا دل ہر چیز سے پاک ہے اور وہی ایسا ہے جو اتنا صاف اور پاک ہے اور اللہ تعالیٰ کی محبت میں یوں ڈوبا ہوا ہے کہ سوائے اللہ تعالیٰ کی محبت کے اس میں سے کچھ نظر ہی نہیں آتا اور یہی اس بات کا حقدار ہے کہ اللہ تعالیٰ کی وحی اس دل میں اترتی اور جب وحی الٰہی اس روشن اور صاف دل میں اتری تو اس کی روشنی اور چمک یوں دنیا کو روشن کرنے والی بنی جیسے چمکتا ہوا روشن ستارہ ہے جو دیکھنے والے تھے جن کو اللہ تعالیٰ ہدایت دینا چاہتا تھا ان کو وہ روشنی نظر آئی۔ پھر اللہ تعالیٰ نے مثال بیان فرمائی کہ’’زیتون کے شجرۂ مبارکہ سے‘‘روشن کیا گیا ہے’’(یعنی زیتون کے روغن سے)‘‘ تو آپؑ فرماتے ہیں کہ ’’(شجرہ ٔمبارکہ زیتون سے مراد وجود مبارک محمدیؐ ہے‘‘، آنحضرتﷺ کا مبارک وجود ہے اس درخت سے مراد ’’کہ جو بوجہ نہایت جامعیت و کمال انواع واقسام کی برکتوں کا مجموعہ ہے‘‘ وہ مختلف قسم کی برکتوں کا مجموعہ ہے۔ اس لئے کہ وہ تمام کمالات کا جامع ہے۔ ہر قسم کا کمال اس میں جمع ہوا ہوا ہے۔ ’’جس کا فیض کسی جہت و مکان و زمان سے مخصوص نہیں۔‘‘ کسی خاص طرف اس کا فیض نہیں جا رہا۔ کسی خاص جگہ پر اس کا فیض نہیں ہے کسی خاص زمانے کے لئے اس کا فیض نہیں ہے۔ بلکہ تمام جگہوں پر، تمام طرفوں میں، تمام مکانوں میں اور تمام زمانوں کے لئے تا قیامت یہ فیض جاری رہے گا۔ ’’بلکہ تمام لوگوں کے لئے عام علیٰ سبیل الدوام ہے اور ہمیشہ جاری ہے کبھی منقطع نہیں ہو گا۔ )‘‘ پس ضرورت اس بات کی ہے کہ اس راستے پر چلا جائے جہاں سے یہ فیض جاری فیض، جو ہے ہمیشہ ملتا رہے اور وہ راستہ آپؐ کی لائی ہوئی شریعت کی پیروی ہے اور احکامات کی تعمیل ہے۔

پھر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں کہ ’’یہ جو فرمایا کہ اس شجرۂ مبارکہ کے روغن سے چراغِ وحی روشن کیا گیاہے سو روغن‘‘ یعنی تیل جو ہے، اس ’’سے مراد عقلِ لطیف نورانی محمدی مع جمیع اخلاقِ فاضلہ فطرتیہ ہے۔‘‘ یہ تیل جو ہے وہ آنحضرتﷺ کا وہ اعلیٰ مقام ہے اس عقل کا جو نور سے بھرا ہوا ہے۔ جس میں تمام اخلاق فاضلہ ہیں اور وہ فطرت میں رکھے گئے ہیں آپ کے ذہن اور دماغ میں۔ ’’جو اُس عقلِ کامل کے چشمۂ صافی سے پروردہ ہیں۔‘‘ پس آپﷺ کی ذہنی صلاحیتیں اور آپؐ کے اخلاق فاضلہ اس بات کے حقدار ٹھہرے کہ اس تیل کا کردار ادا کریں جو چراغ کو جلانے کے لئے کام آتا ہے۔

پھر خداتعالیٰ نے جو یہ فرمایا کہ ’’شجرہ ٔمبارکہ نہ شرقی ہے نہ غربی‘‘ تو اس بارے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں کہ ’’(یعنی طینت پاک محمدیؐ میں نہ افراط ہے نہ تفریط‘‘ ایسی طبیعت ہے آپؐ کی، ایسی فطرت ہے اس میں نہ افراط ہے نہ تفریط ہے۔ ’’بلکہ نہایت توسط و اعتدال پر واقع ہے اور احسن تقویم پر مخلوق ہے‘‘ ایک انتہائی اعلیٰ شکل کی بناوٹ ہے اس کی۔ آنحضرتﷺ کی فطرت تو پہلے ہی نیک تھی اور بیلنس (Balance) تھی اور آپ کی وحی کے ہونے سے پہلے کی جو تاریخ ہے ہمیں بتاتی ہے کہ کس طرح آپ ہمیشہ انصاف پر چلنے والے اور صحیح فیصلے کرنے والے تھے اور کفار اس زمانے کے آپ سے فیصلے کروایا کرتے تھے اور حق کی طرف جھکی ہوئی تھی آپؐ کی طبیعت۔ اس لئے اللہ تعالیٰ کی وحی بھی اس فطرت کے مطابق نازل ہوئی۔ یا اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو اس فطرت کے ساتھ پیدا فرمایا جس میں نہ افراط ہو اور نہ تفریط ہو۔ تاکہ وہ وحی الٰہی جو آپؐ پر اترنی ہے۔ جس نے دین کو ہر لحاظ سے کامل کرنا ہے اس کے آپؐ صحیح پَر تو بن سکیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں کہ ’’جیسے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے مزاج میں جلال اور غضب تھا توریت بھی موسوی فطرت کے موافق ایک جلالی شریعت نازل ہوئی۔ حضرت مسیح علیہ السلام کی فطرت میں‘‘، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی فطرت ’’میں حلم اور نرمی تھی سوانجیل کی تعلیم بھی حلم اور نرمی پر مشتمل ہے۔ مگر آنحضرتﷺ کا مزاج بغایت درجہ وضع استقامت پر واقع تھا۔ نہ ہر جگہ حلم پسند تھا‘‘نرمی پسند تھی ’’اور نہ ہر مقام غضب مرغوب خاطر تھا۔ بلکہ حکیمانہ طور پر رعایت محل اور موقع کی ملحوظ طبیعت مبارک تھی۔‘‘ یعنی موقع اور محل کے لحاظ سے آپ فیصلہ فرمایا کرتے تھے۔ سو جہاں سختی کی ضرورت ہے وہاں سختی جہاں نرمی کی ضرورت ہے۔ وہاں نرمی۔ ’’سو قرآن شریف بھی اسی طرز موزوں و معتدل پر نازل ہوا‘‘اور یہی تعلیم پھر قرآن کریم لے کرآیا ’’کہ جامع شدت و رحمت و ہیبت و شفقت و نرمی و درشتی ہے۔‘‘قرآن کریم کی تعلیم میں شدت بھی ہے، رحمت بھی ہے، جہاں ڈرانے کی ضرورت ہے ہیبت، خوف بھی دلایا گیا ہے۔ جہاں شفقت و نرمی کی ضرورت ہے وہاں شفقت و نرمی بھی موجود ہے جہاں نرمی کی ضرورت ہے وہاں نرمی موجود ہے۔ جہاں ڈانٹ ڈپٹ کی ضرورت ہے وہاں درشتی موجود ہے۔ ’’سو اس جگہ اللہ تعالیٰ نے ظاہر فرمایا کہ چراغ وحیٔ فرقان اس شجرۂ مبارکہ سے روشن کیا گیا ہے۔‘‘ تو آنحضرتﷺ کی جو فطرت تھی اس کے مطابق پھر جو اللہ تعالیٰ کی وحی تھی قرآن کریم کی، اس سے یہ شجرہ مبارک جو ہے آنحضرتﷺ کا وجود جو ہے وہ روشن کیا گیا ’’کہ نہ شرقی ہے نہ غربی‘‘ہے اور یہی قرآن کریم کی تعلیم کا ایک منفرد اور بلند مقام ہے جس کو کوئی بھی سابقہ تعلیم نہیں پہنچ سکتی۔

اور یہی مقام آنحضرتﷺ کا بھی ہے جس کے بارے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں ’’اللہ تعالیٰ نے آنحضرتﷺ کو مخاطب کرکے فرمایا ہے اور وہ یہ ہے اِنَّکَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِیْمٍ (القلم: 5)۔ یعنی تُو اے نبی! ایک خُلقِ عظیم پر مخلوق و مفطور ہے۔‘‘ یعنی اسی پر پیدا کیا گیا ہے اور تیری فطرت میں یہ رکھا گیا ہے۔ ’’یعنی اپنی ذات میں تمام مکارم اخلاق کا ایسا متمم و مکمل ہے کہ اس پر زیادت متصور نہیں‘‘ کیونکہ جو انسانی سوچ جا سکتی تھی اعلیٰ اخلاق کی اور ہر قسم کی خصوصیات کی وہ انسان کامل میں، آنحضرتﷺ کی ذات میں موجود ہے اور اس سے زیادہ تصور ہی نہیں کی جا سکتی۔ ’’کیونکہ لفظ عظیم محاورہ ٔ عرب میں اس چیز کی صفت میں بولا جاتا ہے جس کو اپنا نوعی کمال پورا پورا حاصل ہو۔‘‘ عظیم جو ہے وہ ایسی صفت ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ جو بھی کسی چیز کی استعدادیں ہیں انتہائی، کسی بھی نوع کی تمام انسانوں میں جو اللہ تعالیٰ نے استعدادیں رکھی ہیں ان کا جو بھی کمال ہے وہ اللہ تعالیٰ نے آنحضرتﷺ کی ذات میں پورا فرمایا یہ عظیم کا لفظ استعمال کرکے۔

پھر آپؑ اس کی مزید وضاحت فرماتے ہوئے فرماتے ہیں کہ وہ تیل ’’ایسا لطیف‘‘ہے ایسا ہلکا ہے اور بھڑک ہونے والاہے کہ بن آگ کے ہی روشن ہو سکتا ہے ’’کہ بن آگ ہی روشن ہونے پر آمادہ‘‘ ہے۔ اس کو آگ نہ بھی دکھاؤ تب بھی وہ روشن ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے ’’ (یعنی عقل اور جمیع اخلاق فاضلہ اس نبی معصوم کے ایسے کمال موزونیت و لطافت و نورانیت پر واقع کہ الہام سے پہلے ہی خود بخود روشن ہونے پر مستعد تھے۔ )‘‘ وحی الٰہی جب نہیں آئی، تب بھی وہ اخلاق ایسے اعلیٰ پایہ کے تھے، اللہ تعالیٰ نے ایسی فطرت بنائی تھی کہ لوگ جو تھے اس زمانے کے تب بھی آپ سے روشنی حاصل کرتے تھے۔ ’’نُوْرٌعَلٰی نُوْرٍ‘‘ ’’(یعنی جبکہ وجودمبارک حضرت خاتم الانبیاءﷺ میں کئی نورجمع تھے‘‘ سو ان نُوروں پر پہلے ہی کئی نور جمع تھے۔ ’’سو اُن نُوروں پر ایک اور نُور آسمانی جو وحی الٰہی ہے واردہو گیا اور اس نور کے وارد ہونے سے وجود باجود خاتم الانبیاء کا مجمع الانوار بن گیا۔‘‘ پھر نوروں کا ایک مجموعہ بن گیا۔ پس اس میں یہ اشارہ ہے آپ فرماتے ہیں کہ ’’پس اس میں یہ اشارہ فرمایا کہ نور وحی کے نازل ہونے کا یہی فلسفہ ہے کہ وہ نور پر ہی وارد ہوتا ہے۔ تاریکی پرو اردنہیں ہوتا۔ کیونکہ فیضان کے لئے مناسب شرط ہے اور تاریکی کو نور سے کچھ مناسبت نہیں۔ بلکہ نور کو نور سے مناسبت ہے اور حکیم مطلق بغیر رعایت مناسبت کوئی کام نہیں کرتا‘‘ کہ اللہ تعالیٰ کہ جس کا ہر کام حکمت پر منحصر ہے وہ بغیر کسی مناسبت کے کوئی کام نہیں کرتا۔ بغیر حکمت کے کوئی کام نہیں کرتا۔ اور فرماتے ہیں کہ’’ایسا ہی فیضان نور میں بھی اس کا یہی قانون ہے۔‘‘ جنہوں نے نور سے فیض پانا ہے۔ عام آدمی جو ہیں ان کے لئے بھی اس کا یہی قانون ہے ’’کہ جس کے پاس کچھ نور ہے اسی کو اور نُور بھی دیا جاتا ہے۔‘‘ جو فطرت نیک ہو گی اسی کو پھر اللہ تعالیٰ صحیح راہنمائی فرمائے گا۔ ’’اور جس کے پاس کچھ نہیں اس کو کچھ نہیں دیا جاتا۔ جو شخص آنکھوں کا نور رکھتا ہے وہی آفتاب کا نور پاتا ہے۔‘‘ جس کی آنکھیں ہیں وہی سورج کو دیکھ سکتا ہے۔ ’’اور جس کے پاس آنکھوں کا نور نہیں وہ آفتاب کے نور سے بھی بے بہرہ رہتا ہے۔ اور جس کو فطرتی نور کم ملا ہے اس کو دوسرا نور بھی کم ہی ملتا ہے اور جس کو فطرتی نور زیادہ ملا ہے اس کو دوسرا نور بھی زیادہ ہی ملتا ہے۔‘‘ (براہین احمدیہ روحانی خزائن جلد اول صفحہ 191 تا 196 حاشیہ نمبر 11)

اللہ تعالیٰ نے فطرت میں استعدادوں کے مطابق نُور رکھا ہے۔ نیک فطرت زیادہ جذب کرتا ہے نیکیوں کو جس میں کمی ہے وہ کم جذب کرتا ہے اور اپنی اپنی استعدادوں کے مطابق ہر کوئی اس نُور سے فائدہ اٹھاتا ہے۔ پس یہ آنحضرتﷺ کا کامل نُور تھا جو اللہ تعالیٰ کے نُور کا پرتَو تھا اور اب تاقیامت یہی نُور ہے جس نے دنیا کو فیض پہنچانا ہے لیکن یہاں اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ اس زمانہ میں اس نُور سے سب سے زیادہ حصہ آنحضرتﷺ کے عاشق صادق نے لیا جیسا کہ پہلے بھی بیان کیاہے مَیں نے، تاکہ دنیا میں اس نور کو پھیلائے۔ وہ آخری وحی جس کی روشنی تمام دنیا کے تمام کناروں تک پھیلنی ہے اسے اونچے سے اونچے میناروں پر رکھتا چلا جائے تاکہ دنیا اس کی روشنی سے فیضیاب ہو اور اس کام کو جاری رکھنے کی وجہ سے آپؑ کو، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو، خاتم الخلفاء کہا گیا ہے۔ کہ آپؑ سے پہلے جو بھی اولیاء اور مجددین آئے ان کے ذریعہ مخصوص لوگوں اور مخصوص علاقوں میں اس تعلیم کو پھیلانے کا کام ہوتا رہا جو آنحضرتﷺ لے کر آئے تھے۔

اب مسیح محمدی کے ذریعہ سے اونچے ترین طاقوں پر رکھ کر اس چراغ کو دنیا کے تمام کناروں تک یکدفعہ پہنچانے کا جو کام ہے وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ذریعہ سے ہی ہونا ہے۔ اور آج ہم دیکھیں تو یہ کام حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ماننے والوں کے ذریعہ سے ہی ہو رہاہے۔ جو اسلام کی حقیقی تعلیم کو آنحضرتﷺ کے اسوہ حسنہ کے مطابق پھیلانے کے کام انجام دے رہے ہیں اور اونچے ترین میناروں سے تمام دنیا میں یکدفعہ اس کو دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ کے اُسوہ، آپ کے اخلاق کو اور آپ کی تعلیم کو اور اس خاتم الخلفاء کے بعدنظام خلافت ہی ہے جس نے اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت سے ان طاقوں سے اور میناروں کو اونچا کرنے کے اللہ تعالیٰ کی طرف سے مفوضہ فرائض کو پورا کرنا ہے۔

اور پھر اس آیت کی جو اگلی آیت ہے اس میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ فِیْ بُیُوْتٍ اَذِنَ اللّٰہُ اَنْ تُرْفَعَ وَیُذْکَرَ فِیْھَا اسْمُہٗ۔ یُسَبِّحُ لَہٗ فِیْھَا بِالْغُدُوِّ وَالْاٰصَالِ(النور: 37) کہ ایسے گھروں میں جن کے متعلق اللہ نے اذن دیا ہے کہ انہیں بلند کیا جائے اور ان میں اس کے نام کا ذکر کیا جائے، ان میں صبح و شام اس کی تسبیح کرتے ہیں۔ یعنی یہ نور مسلمانوں کے گھروں میں ہے۔ ان گھروں میں جو اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق عمل کرنے والے ہیں۔ اپنی زندگیوں کو ڈھالنے والے ہیں۔ عبادات بجا لانے والے ہیں۔ عمل صالح کی طرف ہر وقت توجہ رکھنے والے ہیں اور اسوہ رسولﷺ کی پیروی کرنے والے ہیں۔ اور ایسے گھروں کے بارہ میں خداتعالیٰ نے فرمایا ہے کہ انہیں بلند کیا جائے گا، ان کا رفع کیا جائے گا۔ اور ایسے گھر جن کو بلند کیا جائے یہ نشانی ان کی بتائی گئی کہ وہ گھر ہیں جن میں اللہ تعالیٰ کے نام کا ذکر کیا جاتا ہے اور اس میں صبح شام اس کی تسبیح کی جاتی ہے۔ یعنی نمازوں کی پابندی ہوتی ہے۔ پس اس نور سے حصہ لینے کے لئے اور دین کامدد گار بننے کے لئے پہلی بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا ذکر کیا جائے اور عبادتوں کی طرف توجہ دی جائے۔ صبح کی نماز بھی اور شام کی نماز بھی۔ صبح و شام کی عبادتوں کا ذکر ہے۔ پس جس نور سے حصہ لینا ہے اور اس کے فیض یافتہ لوگوں میں شمار ہونا ہے تو اس کے لئے پھر نبی کریمﷺ کی اس بات کو بھی یاد رکھنا ہو گا کہ’’میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں ہے۔‘‘ (سنن النسائی کتاب عشرۃ النساء باب حب النساء حدیث نمبر 3940)

اور یہ نماز ہی ہے جو ہر ایک کو اپنی اپنی استعدادوں کے مطابق اللہ تعالیٰ کا قرب دلانے والی بنے گی۔ عام طور پر ظہر عصر کی نمازیں جمع کرنے کا بڑا رواج ہو جاتا ہے جو سوائے مجبوری کے نہیں ہونا چاہئے۔ بعض دفعہ مجبوری میں ہوتا ہے لیکن ایک عادت نہیں بن جانی چاہئے۔

ایک حدیث میں آتا ہے، مسند احمد بن حنبل کی روایت ہے کہ حضرت ابو ایوب انصاریؓ سے روایت ہے، ان کے متعلق بیان کیا جاتا ہے کہ وہ ظہر کی نماز سے قبل چار رکعتیں ادا کیا کرتے تھے۔ کسی نے ان سے پوچھا کہ آپ نے نماز سے پہلے ان چار رکعات پر دوام کیوں اختیار کیا ہے۔ بڑی باقاعدگی رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہﷺ کو ایسا کرتے دیکھا ہے۔ میں نے آپؓ سے پوچھا تو آپ یعنی کہ انہوں نے آنحضرتﷺ سے پوچھا تو آنحضرتﷺ نے فرمایا یہ ایک ایسی گھڑی ہے جس میں آسمانوں کے دروازے کھولے جاتے ہیں۔ اس لئے مَیں پسند کرتا ہوں کہ اس گھڑی میں میرا کوئی نیک عمل بلند ہو۔ (مسند احمد بن حنبل مسند ابو ایوب الانصاری جلد 7 صفحہ 777 حدیث 23947 ایڈیشن 1998ء مطبوعہ بیروت)

پس یہ تھے وہ لوگ جو اس نُور سے براہ راست فیض پاتے ہوئے اپنے ہر نیک عمل کو اپنی بلندی درجات کا ذریعہ بنانے کی کوشش کرتے تھے اور ان کے ہی گھر تھے جو اُس بلند مقام تک پہنچے۔ یہی وہ لوگ تھے جو اس بلند مقام تک پہنچے۔ جب وہ رضی اللہ عنہم بنے اور بعد میں آنے والوں کے لئے پھر ایک نمونہ ٹھہرے۔

آج مسیح محمدی کے غلاموں کا بھی یہی کام ہے اور ان کی یہی کوشش ہونی چاہئے کہ اپنے اعمال کی بلندی کے لئے جس حد تک بھی نیک عمل بجا لانے کی کوشش کی جائے کوشش ہو سکتی ہو کی جائے۔ جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ہے کہ نُور سے وہی فیض پائے گا جس کے پاس کچھ نُور ہو۔ (براہین احمدیہ روحانی خزائن جلد 1صفحہ195حاشیہ نمبر11) اور اس کے حصول کے لئے اعمال شرط ہے اور ہر موقع سے جو اللہ تعالیٰ کا قرب دلانے والا ہے اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ضرورت ہے۔

پھر ایک اگلی آیت میں اس کی مزید وضاحت فرمائی کہ صبح شام ذکر کس طرح کرنا ہے جس سے گھروں کو بلند کیا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے سورۃ نُور میں ہی کہ رِجَالٌ لَّا تُلْھِیْھِمْ تِجَارَۃٌ وَّلَا بَیْعٌ عَنْ ذِکْرِاللّٰہِ وَاِقَامِ الصَّلٰوۃِ وَاِیْتَآءِ الزَّکٰوۃِ۔ یَخَافُوْنَ یَوْمًا تَتَقَلَّبُ فِیْہِ الْقُلُوْبُ وَالْاَبْصَارُ (النور: 38) ایسے عظیم مرد جنہیں نہ کوئی تجارت اور نہ کوئی خرید و فروخت اللہ تعالیٰ کے ذکر سے یا نماز کے قیام سے یا زکوٰۃ کی ادائیگی سے غافل کرتی ہے۔ وہ اُس دن سے ڈرتے ہیں جس میں دل خوف سے الٹ پلٹ ہو رہے ہوں گے اور آنکھیں بھی۔ پس اس کے بعد بھی اس کے بھی مقام جو ہیں جو صحابہ نے اس نور سے حصہ پاکر حاصل کئے۔ باوجود تمام گھریلو ذمہ داریوں کے۔ باوجود تمام معاشرتی ذمہ داریوں کے۔ باوجود تمام کاروباری ذمہ داریوں کے۔ انہیں حقوق اللہ کی ادائیگی سے کوئی چیز غافل نہیں کر سکی وہ اپنی عبادتوں کے اعلیٰ معیارقائم کرنے والے تھے وہ اپنی نمازوں کو وقت پر اور باجماعت ادا کرنے والے تھے جیسا کہ میں نے حدیث سے بتایا تھا۔ کہ ظہر کی چار سنتیں اس لئے باقاعدگی سے پڑھتے تھے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے والے بنیں، اپنا رفع کرنے والے بنیں۔ اسی طرح یہاں یہ بھی بیان ہوا کہ وہ زکوٰۃ دے کر دین کی ضرورتیں پوری کرنے والے تھے اور حقوق العباد کی ادائیگی کرنے والے بھی تھے۔

پس یہ نمونے اس مجسم نُور سے منسوب ہونے کی وجہ سے ان لوگوں کے تھے جو آج تک ہمارے لئے مثال ہیں۔ آج بھی اِن نمونوں کو قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ جس طرح اوّلین نے یہ قائم کئے تھے آج کل تجارت اور بیع کی طرف اس زمانہ میں کچھ زیادہ ہے اس لئے عبادتوں کی طرف کوشش بھی زیادہ کرنی چاہئے اور توجہ زیادہ دینی چاہئے۔

تجارت اور بیع کا فرق کیا ہے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے بیان فرمایا ہے کہ تجارت تو خرید فروخت ہے۔ لینا اور دینا۔ خریدنا اور بیچنا۔ لیکن بیع صرف فروخت ہے (ماخوذ از تفسیر کبیر جلد 6 صفحہ 333) اور آج کل کے زمانے میں اگر دیکھیں تو یہ سروسز جو ہیں یہ صرف بیع میں شمار ہوتی ہیں اور اس ملک میں یہ سب سے زیادہ ہیں یہ بھی نمازوں کی ادائیگی سے روکتی ہیں۔ وہ اپنے کام کو وقت پر ختم کرنے کی کوشش میں اپنے فرائض کو اور جو اصل ذمہ داری ہے اس کو لوگ بھول جاتے ہیں۔ پس اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو حقیقی مومن ہیں ان کو دنیا میں مصروف رہنے کے باوجود آخرت کا خوف رہتا ہے اور ان کی تجارتیں اور ان کے دوسرے کام انہیں خدا تعالیٰ کی عبادت اور حقوق العباد کی ادائیگی سے غافل نہیں کرتے۔ بلکہ ہر وقت ان کے سامنے وہ نظارہ رہتا ہے کہ جہاں مرنے کے بعد جواب دینا ہو گا۔ وہ فرض عبادتوں کی ادائیگی کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہوتے ہیں اس طرف ان کی توجہ ہوتی ہے اور نوافل کی ادائیگی کی طرف بھی ان کی توجہ ہوتی ہے۔

پھر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے آخر میں لِیَجْزِیَھُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ مَا عَمِلُوْا وَیَزِیْدَھُمْ مِّنْ فَضْلِہٖ۔ وَاللّٰہُ یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآءُ بِغَیْرِ حِسَابٍ (النور: 39) تاکہ اللہ انہیں ان کے بہتر اعمال کے مطابق جزا دے جو وہ کرتے رہے ہیں اور اپنے فضل سے انہیں مزید بھی دے اور اللہ جسے چاہتا ہے بغیر حساب کے رزق دیتا ہے۔

پس وہ نُور جو اللہ تعالیٰ نے آنحضرتﷺ کی ذات میں پیدا فرمایا اور جو کامل تعلیم آپ پہ اُتاری وہ مومنوں کے گھروں کو بھی بلند کرنے کا باعث بنی۔ اور یہ ایک ایسا جاری سلسلہ ہے جو ہمیشہ اس پر عمل کرنے سے جاری رہے گا اور یہی اللہ تعالیٰ کا اس آیت میں بھی اور بعض دوسری آیات میں بھی وعدہ ہے۔ فرماتا ہے کہ ان اعمال صالحہ کو اپنے گھروں میں رائج کرنے سے، اپنے دلوں میں بٹھاتے ہوئے ان پر عمل کرنے سے، تم ان کی بہترین جزا پاؤ گے۔ بلکہ صرف اتنا ہی نہیں اللہ تعالیٰ دیتا جتنا عمل کیا گیا ہے فرمایا کہ اپنے فضل سے مزید دے گا تمہیں۔ تم ایک قدم اوپر چڑھنے کی کوشش کرو گے تو اللہ تعالیٰ تمہیں اپنے فضل سے کئی قدم اوپر چڑھا دے گا اور پھر اللہ تعالیٰ مالک ہے اس طرح نوازتا ہے کہ جس کا کوئی حساب اور شمار نہیں ہے درجات بڑھتے چلے جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس نور کو جو آنحضرتﷺ کے ذریعہ ہمیں ملا اپنے گھروں میں اور اپنے دلوں میں رائج کرنے کی اور اس سے فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں اپنے بڑھتے ہوئے فضلوں اور رحمتوں سے ہمیشہ نوازتا چلا جائے۔ ہمیشہ ہم نیک اعمال بجا لانے والے ہوں۔

(الفضل انٹرنیشنل جلدنمبر 16 شمارہ نمبر 28 مورخہ 10جولائی تا 16 جولائی 2009ء صفحہ 5 تا صفحہ 8)


  • خطبہ کا مکمل متن
  • خطبہ کا مکمل متن
  • English اور دوسری زبانیں

  • 19؍ جون 2009ء شہ سرخیاں

     جماعت کو اعمال صالحہ کی ضرورت ہے۔  نبی کریمؐ پر ایمان اور اعمال صالحہ کے نتیجہ میں ایک جاہل قوم کو خدا کا بلندی عطا کرنا۔ مسلمانوں کا قرآن کو چھوڑنا اور پستی میں جانا اور ان کا ایک دوسرے کے خون کا پیاسا ہونا۔ اسلامی ممالک کے ملکی معاملات میں امریکہ و یورپ کی مداخلت۔ غیر احمدیوں کا حضرت مسیح موعودؑ کا انکار کرنا بلکہ مسلمان کی تعریف وہ کرنا جس میں آپؑ کو گالیاں دی جاتی ہیں۔ حضرت اقدسؑ کا نبی کریمؐ سے عشق۔ اس زمانے میں صرف حضرت اقدسؑ کو آنحضرتﷺ کے نور کا ادراک ہے۔ اَللّٰہُ نُوْرُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ کی تفسیر بیان فرمودہ حضرت اقدسؑ از براہین احمدیہ کی روشنی میں آنحضرتﷺ کے نور کا ذکر۔ نماز اور اعمال صالحہ کی طرف توجہ کی نصیحت۔ 

    فرمودہ مورخہ 19؍جون 2009ء بمطابق19؍احسان 1388 ہجری شمسی بمقام مسجد بیت الفتوح، لندن (برطانیہ)

    قرآن کریم میں جمعة المبارک
    یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِذَا نُوۡدِیَ لِلصَّلٰوۃِ مِنۡ یَّوۡمِ الۡجُمُعَۃِ فَاسۡعَوۡا اِلٰی ذِکۡرِ اللّٰہِ وَ ذَرُوا الۡبَیۡعَ ؕ ذٰلِکُمۡ خَیۡرٌ لَّکُمۡ اِنۡ کُنۡتُمۡ تَعۡلَمُوۡنَ (سورة الجمعہ، آیت ۱۰)
    اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو! جب جمعہ کے دن کے ایک حصّہ میں نماز کے لئے بلایا جائے تو اللہ کے ذکر کی طرف جلدی کرتے ہوئے بڑھا کرو اور تجارت چھوڑ دیا کرو۔ یہ تمہارے لئے بہتر ہے اگر تم علم رکھتے ہو۔

    خطبات خلیفة المسیح

  • تاریخ خطبہ کا انتخاب کریں
  • خطبات جمعہ سال بہ سال
  • خطبات نور
  • خطبات محمود
  • خطبات ناصر
  • خطبات طاہر
  • خطبات مسرور