صبرو استقامت کے شہزادے

فہرست مضامین

مقدس خواتین کے نمونے

مسلمان مردوں کے شانہ بشانہ خواتین بھی عزم کے اس سفر میں شریک تھیں۔

نیزوں سے شکار

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی حضرت زینبؓ ہجرت کر کے مکہ سے مدینہ جا رہی تھیں کہ ہبار بن اسود نے حضرت زینبؓ کو نیزہ سے زمین پر گرا دیا۔ وہ حاملہ تھیں حمل ساقط ہو گیا۔ (زرقانی جلد3 صفحہ223)

انکار ممکن نہیں

حضرت عمرؓ کے اسلام لانے میں ان کی بہن کی استقامت اور فدائیت کا بڑا دخل ہے۔ ان کو جب پتہ لگا کہ ان کی بہن نے اسلام قبول کر لیا ہے تو وہ غصہ میں بھرے ہوئے گھر پہنچے اوراپنی بہن کواسلام قبول کرنے کی وجہ سے مارا مگر اس نے صاف صاف کہہ دیا کہ تم جو چاہو کر لو میں تو اسلام لا چکی ہوں اب اس سے کسی قیمت پر انکار نہیں کر سکتی۔ (مجمع الزوائد و منبع الفوائد۔ الہیثمی جلد9صفحہ62 کتاب المناقب باب مناقب عمر)

غلامان رسول

مسلمان غلاموں اور لونڈیوں نے بھی فدائیت اور جاں فروشی کے نئے نئے باب رقم کیے۔ حضرت ابن عباسؓ فرماتے ہیں :۔

ان کو کفار لوہے کی زرہیں پہناکر سخت دھوپ میں کھڑا کر دیتے تھے مگر دھوپ کی شدت ان کی دینی حرارت اور جوش ایمانی کے سامنے بالکل ناکارہ اور بے حیثیت ہو جاتی تھی اور دشمن ان سے اپنی مرضی کے کلمات کہلوانے میں ناکام رہتا تھا۔ (اسد الغابہ محمد بن عبدالکریم الجزری جلد3 صفحہ32 مکتبہ اسلامیہ طہران)