صبرو استقامت کے شہزادے

فہرست مضامین

پیش لفظ

ایمان ایک متاعِ بے بہا ہے، ایک لازوال دولت ہے جس کو پانے کے لیے بسا اوقات جسم و جان کو کھونا پڑتا ہے۔ یہ منظر سب سے زیادہ اللہ تعالیٰ کے انبیاء کے وقت میں ظاہر ہوا جب شیطان اپنی تمام فوجوں اور پیادوں کے ساتھ مومنوں پر چڑھ دوڑا اور ہر ممکن طریق سے مومنوں کو بہکانے کے لیے ڈرایا، لالچ دیے اور پھر مار دینے کی دھمکیاں دیں مگراہل ایمان ہر قربانی کے لیے تیار رہے اور ایمان پر آنچ نہ آنے دی۔

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں یہ جدوجہد اپنے معراج کو پہنچ گئی۔ شیطانی طاقتوں نے بھی اپنا انتہائی زور لگایا اور ایمانی طاقتوں نے اپنی آخری بلندی پر تمکنت اختیار کی جس سے زیادہ متصور نہیں ہو سکتی۔

یہ ایک ایسی داستان ہے جو درد انگیز افسانوں سے زیادہ دردناک اور حیران کن کہانیوں سے زیادہ حیرت انگیز ہے۔ یہ تاریخ عزم و ہمت کے وجد آفرین اقوال و افعال سے اس سطح ارض پر لکھی گئی جو اَنمٹ اور لازوال ہے اور ہر آنے والے دور کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

یہ تاریخ اُمت کے آخری زمانہ مںر پھر دہرائی جانے والی تھی جس کی خبر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خدا سے خبر پا کر دی تھی۔۔ خدا کے فضل سے آج ہم اس دور سے گزر رہے ہیں۔ خوش قسمت وہ لوگ ہیں جو صحابہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی راہوں پر چلتے ہوئے سب کچھ کھو کر ایمان کو پا لیں۔ ایسے ہی دلوں کی استقامت اور عزیمت کو تقویت دینے کے لیے صحابہ کرام کی قربانیوں اور صبرواستقلال کے یہ واقعات جمع کیے گئے ہیں۔

یہ خوبصورت کتاب نومبائعین اور ان سعید روحوں کے لیے بے حد مفید ہے جو حق کو قبول کر چکے ہیں یا قبول کرنا چاہتے ہیں اور ابتلاؤں کے پہاڑ اُنہیں نظر آ رہے ہیں۔ صحابہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی عزیمت کی یہ کہانیاں انہیں حوصلہ اور طاقت دیں گی۔

میں مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان کی طرف سے مکرم عبدالسمیع خان صاحب کا ممنون ہوں جنھوں نے محنت کے ساتھ اصل ماخذ کے ذریعے یہ واقعات دلپذیر انداز میں مرتب کیے۔ اللہ تعالیٰ اُنہیں اس کی جزا دے اور اس کتاب کو نافع الناس بنائے۔ آمین

والسلام
خاکسار

سید محمود احمد

صدر مجلس خدام الاحمدیہ پا کستان

دیباچہ

مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان خدام و اطفال کو صحابہ اور بزرگانِ سلف کی سیرت کے بارے میں آگاہی دلانے کے لیے کتب شائع کررہی ہے۔ زیر نظر کتاب”صبر و استقامت کے شہزادے “کے عنوان سے شائع کی جا رہی ہے جس میں صحابہ رسولؐ کی ایمان کی خاطر قربانیوں کا تذکرہ ہے۔

یہ کتاب پہلی بار2000ء میں شائع کی گئی تھی۔ اب شعبہ اشاعت مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان اسے دوبارہ شائع کرنے کی سعادت حاصل کررہا ہے۔ اس کتاب کی تیاری کے سلسلہ میں خاکسار مکرم کاشف عدیل صاحب، مکرم عامر سہیل صاحب اور مکرم سالک احمد صاحب کے تعاون کا ممنون ہے۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء

والسلام
خاکسار

اسفندیارمنیب

مہتمم اشاعت

مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان

حرف وفا

ہمارے آقا ومولیٰ آنحضرتﷺ نے ہر خلق اور اعلیٰ صفت کو اپنے کمال تک پہنچا دیا۔ لیکن آپ کاکمال صرف اتنا نہیں ہے بلکہ آپ نے یہ تمام اعلیٰ اقدار اورمکارم اخلاق اپنے صحابہ کے اندر بھی قائم فرما دیئے اور وہ ہر میدان میں ہر دوسرے نبی کے تابعین سے آگے بڑھ گئے اور یہ رسول کریمﷺ کی قوت قدسیہ کا ایک زبردست اعجازہے۔

دین کی راہ میں مصائب وشدائد کی برداشت اور صبر استقامت کے نمونے تو ہر نبی کے ساتھ ظاہر ہوتے رہے ہیں مگر رسول کریمﷺ کے متبعین نے آپ کے فیضان تربیت کے نتیجہ میں اس تعلق میں جو نمونے دکھائے ہیں وہ ہر آنے والی نسل کے لئے مشعل راہ ہیں اور آنحضرتﷺ نے یہ خبر بھی دی تھی کہ دکھوں اور مشکلات اور مصائب کے یہ ادوار آئندہ بھی آئیں گے اور نجات یافتہ وہی ہوں گے جو میرے اور میرے صحابہ کے نقش پا کو چوم کر آگے بڑھیں گے۔

پس ان چراغوں کوتو ہمیشہ فروزاں رہنا ہے ان کو کوئی بجھا نہیں سکتا مگر ان کو نظروں کے سامنے رکھنا ہر آنے والی نسل کے لئے ضروری ہے۔

اسی نقطہ نظر سے یہ مختصر کتابچہ مرتب کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ صحابہ کے صدقے اس کوشش کو قبول فرمائے اور ان کی برکات سے ہمیں ہمیشہ متمتع فرماتا رہے۔

والسلام
خاکسار

عبدالسمیع خان