شمائل محمد صلی اللہ علیہ وسلم

فہرست مضامین

25 ۔ حب الوطنی

قومی جذبہ

آنحضرت ﷺ کی عمر تقریبابیس سال کی تھی کہ آپ کی قوم قریش کی بعض دوسرے قبائل سے جنگ چھڑگئی جس کو حرب فجار کہتے ہیں ۔ آنحضرت ﷺ نے بھی قومی جذبہ کے تحت اسمیں شرکت کی اور گو خود قتال نہیں کیا مگر آپ اپنے چچاؤں کو تیر پکڑاتے تھے۔ (سیرت ابن ہشام باب حرب الفجار)

مکہ سے محبت

وہ دن شاہِ دوجہاں ؐ پرکتنا بھاری ہوگا جب آپؐ اپنے آبائی وطن مکہ کے ان گلی کوچوں سے نکلنے پر مجبور ہوئے۔ چنانچہ جس روز آپؐ مکہ سے نکلے ہیں تو اُس روز آپؐ کا دل اپنے وطن مکہ کی محبت میں خون کے آنسو رو رہا تھا۔ جب آپؐ شہر سے باہر آئے تو اس مقام پر جب مکہ آپؐ کی نظروں سے اوجھل ہو رہا تھا ایک پتھرپر آپؐ کھڑے ہوگئے اور مکہ کی طرف منہ کرکے اسے مخاطب ہو کر فرمایا۔

‘‘اے مکہ!تو میرا پیارا شہر اور پیارا وطن تھا اگر میری قوم مجھے نہ نکالتی تو میں ہر گز نہ نکلتا۔’’ یہ کہا اور سفر ہجرت پر روانہ ہوئے۔ (سنن ترمذی کتاب المناقب باب فضل مکۃ)