پہلا احمدی مسلمان سائنسدان عبدالسلام

نماز جنازہ اور بہشتی مقبرہ ربوہ میں تدفین

22 نومبر 1996ء کو نماز جمعہ کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر عبد السلام صاحب کی بیت الفضل لندن کے باہر نماز جنازہ پڑھائی جس میں کثرت سے احباب شامل ہوئے۔ جنازہ پڑھانے سے قبل حضور نے اپنے بابرکت ہاتھوں سے ان پر کچھ چھڑکا اور محبت بھری نگاہوں سے دیر تک دیکھتے رہے اور ان کی پیشانی پر ہاتھ پھیرا اور تابوت کو وین (van) تک کندھا دیا۔ ڈاکٹر عبد السلام صاحب کی شدید خواہش تھی کہ ان کو ان کے وطن پاکستان میں ان کے والدین کے قدموں میں دفن کیا جائے چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ان کی اس خواہش کو قبول فرمایا اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی اجازت اور منظوری سے ان کا تابوت جہاز پر لندن سے لاہور لایا گیا۔ وہاں پر بھی ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ 24 نومبر شام سات بجے تابوت ربوہ پہنچایا گیا۔ ڈاکٹر صاحب کے بیوی بچے لندن سے ساتھ آئے تھے۔ باقی رشتہ دار بھی اور جماعت احمدیہ کے بہت سارے لوگ بھی اس موقع پر ربوہ پہنچ گئے جہاں حضرت مرزا منصور احمد صاحب ناظر اعلیٰ و امیر مقامی نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی اور نہایت وقار اور نظم و ضبط کے ساتھ ہزاروں لوگوں کے جلوس میں انہیں بہشتی مقبرہ ربوہ پہنچایا گیاجہاں ان کے والدین کی قبروں والے قطعہ (نمبر12) میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔ رات کے ساڑھے گیارہ بج چکے تھے جب قبر تیار ہونے پر مکرم ناظرصاحب اعلیٰ و امیر مقامی نے پر سوز اور لمبی دعا کروائی۔

روزنامہ پاکستان لاہور نے یکم دسمبر 1996ء کی اشاعت میں لکھا ”دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ اور یونیورسٹیوں نے ان کی وفات پر بڑا سوگ منایا ہے۔“

ڈاکٹر عبد السلام صاحب کی پہلی برسی ان کے قائم کردہ سنٹر ٹریسٹے (اٹلی) میں منائی گئی جہاں عصر حاضر کے مشہور ترین اور اہم ترین ماہرین طبیعات (جن میں کئی نوبیل انعام یافتہ بھی تھے) نے متفقہ طور پر ICTP کا نام تبدیل کرکے عبد السلام سنٹر رکھ دیا۔ جدید تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ ایک عظیم ادارے کا نام تیسری دنیا کے ایک سائنس دان کے نام پر رکھا گیا ہو۔ یہ بھی آپ کے ” اللہ تعالیٰ کا ایک نشان“ ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ڈاکٹر عبد السلام صاحب کے خاندان کی فہرست

والد: محترم چوہدری محمدحسین صاحب مرحوم،

والدہ: محترمہ ہاجرہ بیگم صاحبہ مرحومہ

ہمشیرگان: محترمہ مسعودہ بیگم صاحبہ (آپ ڈاکٹرصاحب کی پہلی والدہ محترمہ سعیدہ بیگم صاحبہ مرحومہ سے پیدا ہوئیں ) ، محترمہ حمیدہ بیگم صاحبہ۔

بھائی: محترم چوہدری محمد عبدالسمیع صاحب، محترم چوہدری محمد عبدالحمید صاحب، محترم چوہدری محمد عبدالماجد صاحب، محترم چوہدری محمدعبدالقادر صاحب، محترم چوہدری محمدعبدالرشید صاحب، محترم چوہدری محمدعبدالوہاب صاحب۔

ڈاکٹر عبد السلام صاحب کے اہل و عیال

اہلیہ اول: محترمہ امتہ الحفیظ بیگم صاحبہ

دختران: محترمہ ڈاکٹر عزیزہ بیگم صاحبہ زوجہ ڈاکٹر حمیدالرحمن صاحب، محترمہ آصفہ بیگم صاحبہ زوجہ شہاب الدین سعدی صاحب، محترمہ آنسہ بشریٰ صاحبہ زوجہ چوہدری وجیہ باجوہ صاحب۔

پسر:محترم احمد سلام صاحب

اہلیہ ثانی: محترمہ لوئس جانسن سلام صاحبہ

دختر: محترمہ سعیدہ ہاجرہ بیگم صاحبہ،

پسر: محترم عمر عطاء السلام صاحب