لباس التقویٰ

فہرست مضامین

MTA کی برکات

اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں ایک عظیم الشان پیشگوئی کا ذکر کرتے ہوئے فرماتا ہے:

 وَاسْتَمِعُوْا یَوْمَ یُنَا دِی الْمُنَادِیْ مِنْ مَّکَانٍ قَرِیْبٍ (ق: ۴۲)

اور غور سے سنو جس دن ایک آواز دینے والا قریب کے مکان سے آواز دے گا۔

پیارے دوستو! یہ پیشگوئی جو آج سے چودہ سو سال قبل کی گئی قرآن کریم کی صداقت کا بین ثبوت ہے۔ یعنی ایک شخص جو ہم سے سینکڑوں میل کے فاصلے پر بیٹھا ہے اس کی شکل اور آواز ہم ایک آلے کی مدد سے جسے ٹیلی ویثرن کہا جاتا ہے کے ذریعے گھر بیٹھے سن سکتے ہیں۔ اس آیتِ مبارکہ کی مزید وضاحت کرتے ہوئے حضرت نبیﷺ نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے مخاطب ہو کر فرمایا۔

’’پھر ایک ایسی آواز آئے گی جو دور سے اس طرح انسان سنے گا جس طرح وہ نزدیک کی آواز سنتا ہے یہ مومنین کے لئے رحمت ہوگی اور منافقین کے لئے عذاب۔‘‘

آنحضرتﷺ کی اس پیش گوئی کو آج ہم MTAکی صورت میں اپنی آنکھوں کے سامنے پورا ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ جو ہمارے لئے شکر کا مقام ہے۔ اسی پیشگوئی کی خبر مسیح موعودنے اللہ تعالیٰ سے پاکر ہمارے سامنے ان الفاظ میں آج سے قریبا 100سال قبل پیش فرمائی۔ آپؑ فرماتے ہیں کہ

’’دیکھو وہ زمانہ آتا ہے بلکہ قریب ہے کہ خدا اس سلسلہ کی بڑی مقبولیت پھیلائے گا اور یہ سلسلہ مشرق و مغرب شمال و جنوب میں پھیلے گا۔ اور دنیا میں۔ ۔ ۔ ۔ سے مراد یہی سلسلہ ہوگا یہ اس خدا کی وحی ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘ (ماہنامہ ’’مصباح‘‘ جون۱۹۸۸صفحہ ۲۳)

جس بات کو کہے کہ کروں گا میں یہ ضرور

ٹلتی نہیں وہ بات خدائی یہی تو ہے

MTAدراصل مسلم ٹیلی ویثرن احمدیہ کا مخفف ہے اس کا باقاعدہ آغاز 7جنوری 1994کو لنڈن سے ہوا۔ اگر ہم اس کا موازنہ دیگر ٹی وی چینلز سے کریں تو بلا شبہ زمین و آسمان کا فرق نظر آئے گا۔

اس پر چلنے والے تمام پروگرام خالصتاً اسلامی نقطہ نظر سے پیش کئے جاتے ہیں۔ جو ازدیادِایمان کا باعث بنتے ہیں۔ یہ پروگرام بیک وقت ساری دنیا کے لئے نشر کیے جاتے ہیں۔ جو مختلف زبانوں میں ریکارڈ کئے جاتے ہیں۔ یہاں پر حضرت مسیح موعود کا ایک الہام اپنی تمام تر صداقتوں کے ساتھ پورا ہوا نظر آتا ہے اور وہ یہ خدائی وعدہ ہے کہ

’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا۔‘‘ (الہام 1891)

حضرت خلیفتہ المسیح الرابع نے MTAکی برکات کا ذکر کرتے ہوئے خطبہ جمعہ میں فرمایا۔

’’اللہ تعالیٰ ہمیں اس لائق بنائے کہ اس کے فضلوں کے شکر گذار بن سکیں۔ اور میں وہ انقلاب جو فضا میں ظاہر ہوئے، دیکھ رہا ہوں اور محسوس کررہا ہوں میر ی توقعات سے بھی بڑھ کر تیزی کے ساتھ آئے اور خدا کے فضلو ں کی نئی برساتیں لے کر آئے نئی بہاریں لے کر آئے نئے پھول گلشن احمد میں کھلتے ہوئے دیکھیں۔ نئے نئے رنگوں اور خوبصورتیوں کے ساتھ تمام عالم میں ہم سجائیں اور اسکی خوشبو سے ساری دنیا مہک جائے خدا کرے ایسا ہی ہو۔ آمین !‘‘ (خطبہ جمعہ دسمبر۱۹۹۳)

MTAکی بے شمار برکات میں سے چند ایک کا ذکر حسب ذیل درج ذیل ہے

۱۔ پیارے آقا حضرت خلیفتہ المسیح الرابع کا براہِ راست خطبہ جمعہ اور درس قرآن، مجالس سوال و جواب، اردو کلاس، ہومیو پیتھک کلاسز کی ریکارڈنگ۔

۲۔ دیگر علمائِ احمدیت کی ایمان افروز تقاریر اور انٹرویوز۔

۳۔ حضرت مسیح موعودؑ اور آپ کے خلفاء کی تحریر کردہ خالصتااسلامی اقتباسات اور خوبصورت اور خوش الحانی سے پڑھی گئی نظمیں۔

۴۔ مختلف زبانوں میں حالات حاضرہ پر مبنی خبریں۔

۵۔ نوجوانوں اور بچوں کے لئے مختلف زبانیں سکھانے کے پروگرام وغیرہ

ان کے علاوہ اور بھی کئی قسم کے پروگرامز جو ہمیں بے جا وقت کے خرچ اور برُے اخلاق سے محفوظ رکھتے ہیں۔ ایم ٹی اے پر باقاعدگی سے پیش کئے جاتے ہیں۔ عزیزو! آج کے اس دور میں جب ہر طرف سے شیطان کا حملہ جاری ہے تو ایم ٹی اے ہمارے لئے صحبت صالحین کا بہترین کردار ادا کررہا ہے۔ لہذا ہمیں چاہئیے کہ ہم اپنے گھروں میں اِس روحانی مائدہ کا جتنی جلدی ممکن ہو اہتمام کریں۔ اور روزانہ اس سے استفادہ کرنے کی سعادت حاصل کریں

اللہ تعالیٰ مجھے بھی اور آپ کو بھی MTAکی برکات سے فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین